Friday, September 20, 2024

پی ایس ایل کہکشاں میں دنیائے کرکٹ کے ستارے پھر جگمگانے کو تیار

پی ایس ایل کہکشاں میں دنیائے کرکٹ کے ستارے پھر جگمگانے کو تیار
February 22, 2018

دبئی ( 92 نیوز ) پاکستان سپر لیگ کے کہکشاں میں دنیائے کرکٹ کے ستارے ایک بار پھر جگمگانے کو تیار ہیں ۔ ہر ٹیم کے سپر اسٹارز جوہر دکھانے کو بےتاب ہیں مجس سے مداحوں کو بھی ایکشن سے بھرپور کرکٹ دیکھنے کو ملے گی۔

لاہور قلندرز کے پاس بیٹنگ کا پاور ہاؤس موجود ہے ، جس میں جارح مزاج بیٹسمین برینڈن میک کولم اور فخر زمان موجود ہیں جب کہ بولنگ میں رضا حسن، یاسر شاہ اور شاہین آفریدی کا کردار اہم ہوگا ۔

سابق چیمپئن اسلام آباد یونائیٹڈ کے پاس بھی کئی ستارے موجود ہیں، مصباح الحق، جے پی ڈومینی، سیم بلنگز اور اسٹیون فن اپنی ٹیم کو جتوانے کی بھرپور صلاحیت رکھتےہیں ۔

ٹی ٹوئنٹی کا ایک اور سپر اسٹار شاہد آفریدی اس بار کراچی کنگز کیلئے چمکے گا ۔ پاکستان کرکٹ ٹیم کے سابق کپتان کے علاوہ عماد وسیم،  روی بوپارا اور اسامہ میر کراچی کنگز کیلئے اہم کھلاڑی ثابت ہوں گے ۔

ملتان سلطانز کی ٹیم  کے پاس بھی ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا پرفارمنس پاور ہاؤس موجود ہے ، جنوبی افریقی اسپنر عمران طاہر، سری لنکن کمار سنگاکارا، ویسٹ انڈین کرکٹر ڈین براوو کے علاوہ شعیب ملک اور جنید خان ملتان سلطانز کے اہم کھلاڑی ثابت ہوسکتے ہیں ۔

دفاعی چیمپئن پشاور زلمی کے دستے میں بھی بڑے نام ہیں ۔  کپتان ڈیرن سیمی، کرس جورڈن، شکیب الحسن اور محمد اصغر پشاور زلمی کیلئے اہم ہتھیار  ہوں گے ۔

دو مرتبہ کی فائنلسٹ ٹیم کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے اہم کھلاڑیوں میں سرفراز احمد ، کیون پیٹرسن، شین واٹسن اور میر حمزہ شامل ہیں ۔ ہر ٹیم میں ہی زبردست  کھلاڑی موجود ہیں لیکن ٹورنامنٹ میں کون پرفارم کرے گا اور کون فلاپ ہوگا اس کا فیصلہ میچز کے بعد ہی سامنے آسکے گا ۔