Tuesday, November 29, 2022

پاکستان سپر لیگ  ٹو کا معرکہ پشاور زلمی نے سر کر لیا  

پاکستان سپر لیگ  ٹو کا معرکہ پشاور زلمی نے سر کر لیا  
لاہور(92نیوز)پاکستان سپر لیگ  ٹو کا معرکہ پشاور زلمی نے سر کر لیا ۔ پشاور زلمی نے مقررہ بیس اورز میں چھ وکٹوں کے نقصان پر ایک سو اڑتالیس رنز بنائے ۔ کامران اکمل نے سب سے زیادہ چالیس رنز جوڑے تاہم ڈیرن  سیمی نے انور علی کے آخری اوور میں مسلسل تین چھکے لگا کر سماں باندھ دیا ۔ جواب میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کا کوئی بھی کھلاڑی جم کر نہ کھیل سکا  اور پوری ٹیم نوے رنز بنا کر آوٹ ہو گئی۔ تفصیلات کےمطابق پشاور زلمی کے کپتان ڈیرن  سیمی نے انور علی کے آخری اوور میں تین چھکے لگا کر اپنی ٹیم کی پوزیشن بہتر بنا دی ۔ میچ شروع ہوا تو شائقین اور کھلاڑیوں کا جذبہ آسمان کو چھو رہا تھا ۔ ٹاس تو جیتا سرفراز احمد نے لیکن فیصلہ کیا پہلے باؤلنگ کرنے کا جو پشاور زلمی کے ابتدائی بلے بازوں نے کافی حد تک درست  بھی ثابت کر دیا۔ ایک کے بعد دوسرا بلے باز چلتا بنا ۔ گزشتہ میچ کے ہیرو کامران اکمل چالیس رنز جوڑنے میں کامیاب رہے۔ مارلن سیموئلز نے اُنیس ، محمد حفیظ نے بارہ اور افتخاراحمد نے چودہ رنز بنائے ۔ اس کے بعد آئے ڈیرن سیمی اور چھا گئے  اپنے مخصوص انداز میں لگائے گئے چھکوں اور چوکوں سے شائقین کے دل جیت لئے ۔ پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو ایک سو اُنچاس رنز کا ٹارگٹ دیا۔ 2 پھر  آئے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کے بلے باز میدان میں اور خزاں کے پتوں کی طرح وکٹیں گنواتے گئے یہاں تک کے سرفراز بھی دھوکہ دے گئے ۔صرف نوے رنز پر گلیڈی ایٹرز پویلین لوٹ گئے ۔ پشاور زلمی کے باؤلروں نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کیا  اور  کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  کی ایک کے بعد دوسری وکٹ اڑاتے رہے  ۔پشاور زلمی نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو اٹھاون رنز سے شکست سے دوچار کیا اور پی ایس ایل ٹو کا تاج اپنے سر پر سجا لیا ۔ 3