Tuesday, January 18, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی

کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے اسلام آباد یونائیٹڈ کو شکست دیدی
February 17, 2019
دبئی ( ویب ڈیسک ) پی ایس ایل فور کا رنگا رنگ میلہ دبئی کے صحراؤں میں جاری ہے جہاں ایونٹ کے چھٹے میچ میں شین واٹسن اور عمر اکمل نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کو فتح دلادی۔ پی ایس ایل فور  کے چھٹے میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ اور کوئٹہ گلیڈی ایٹرز  مد مقابل ہوئے ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا اور اسلام آباد کو بیٹنگ کی دعوت دی  جس نے مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نے 158 رنز کے ہدف کا تعاقب کیا تواوپنر احمد شہزاد دو رنز بنا کر ہی پٹیل کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔رئیل روسو بھی 10 رنز بنا کر چلتے بنے ۔ اوپنر شین واٹسن اور عمر اکمل نے ٹیم تیسری وکٹ کی شراکت میں  62 رنز بنائے ۔ 11 ہویں اوور میں اسکور کو 95 تک پہنچا دیا جہاں عمر اکمل شین واٹسن کا ساتھ چھوڑ گئے ۔ عمر اکمل نے 28 گیندوں پر دو چھکوں اور پانچ چوکوں کی مدد سے 44 رنز بنائے ۔ وہ ڈیلپورٹ کی گیند پر انہی کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ عمر اکمل کےبعد شین واٹسن نے کپتان سرفراز احمد کیساتھ 67 رنز کی شراکت قائم کی  جس میں سرفراز کا اسکور 15 تھا جب کہ باقی 52 رنز شین واٹسن نے بنائے   ، دونوں کھلاڑی ناقابل شکست رہے ۔ شین واٹسن نے 55 گیندوں پر 4 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 81 رنز بنائے ،  میچ وننگ شارٹ بھی انہوں نے ہی کھیلی ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ  کی جانب سے سمتھ پاٹیل ، رومان رئیس اور کیمرون ڈیلپورٹ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی ۔ اس سے قبل اسلام آباد یونائیٹڈ نے  مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 157 رنز بنائے تھے ۔ پی ایس ایل فور  کے اہم میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے کھیل کا پراعتماد آغاز نہ کیا جا سکا اور میچ کی پہلی ہی گیند پر لیوک رانچی سہیل تنویر کی گیند پر احمد شہزاد کو کیچ تھما کر چلتے بنے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی ٹیم پہلی وکٹ گرنے پر دباؤ کا شکار ہوئی جس کا بھرپور فائدہ اٹھاتے ہوئے سہیل تنویر نے پہلے اوور کی آخری گیند پر ٹاپ آرڈر شاداب خان کو پویلین کی راہ دکھائی ۔ پہلے اوور کے اختتام پر اسلام آباد یونائیٹڈ بغیر کوئی اسکور کئے دو وکٹیں گنوا چکی تھی ۔ اوپنر رضوان حسین بھی ڈبل فگر میں داخل نہ ہو سکے اور چوتھے اوور کی دوسری گیند پر  5رنز بنا کر ہمت ہار گئے ۔وہ محمد نواز کی گیند پر ایل بی ڈبلیوہوئے ۔ کیمرون ڈیلپورٹ نے حسین طلعت کیساتھ مل کر کچھ مزاحمت کی مگر وہ فواد احمد کی گیند پر سہیل تنویر کو کیچ تھما بیٹھے ۔انہوں نے 19 رنز بنائے  جبکہ حسین طلعت بھی فواد احمد کی گیند پر 30 رنز بنا کر کلین بولڈ ہو گئے ۔ آصف علی نے  27 گیندوں پر دو چھکوں اور دو چوکوں کی مدد سے 36 رنز بنائے ۔ وہ سہیل تنویر  کا شکار ہوئے ، محمد نواز نے ان کا کیچ پکڑا۔ فہیم اشرف ایک رن بنا کر کیچ آؤٹ ہوئے ۔ اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے آٹھویں نمبر پر آنے والے وائن پارنیل ٹیم کے ٹاپ اسکورر رہے ، انہوں نے جارحانہ انداز اپناتے ہوئے صرف 20 گیندوں پر ایک چھکے  اور 7 چوکوں کی مدد سے 41 رنز بنا کر ٹیم کی پوزیشن مستحکم بنا دی ۔ وہ سہیل تنویر کی گیند پر عمر اکمل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ سمتھ پاٹیل نے 15 اور کپتان محمد سمیع نے دو رنز بنائے اور ناقابل شکست رہے ۔ کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کی جانب سے سہیل تنویر نے چار اوورز میں 21 رنز کے عوض چار وکٹیں حاصل کیں ، انہوں نے ایک اوور میڈ ان بھی  کیا ۔ فواد احمد نے چار اوورز میں 15 رنز کے عوض تین وکٹیں لیں ۔ محمد عرفان نے 4 اوورز میں 47 رنز دیے وہ  اپنی ٹیم کے مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے ۔ محمد نواز نے بھی چار اوور کئے اور ایک وکٹ  حاصل کر کے 24 رنز دیے ۔ غلام مدثر نے 3.4 اوورز کئے ، انہیں چوٹ لگنے کی وجہ سے اوور کی دو گیندیں ڈیواین سمتھ نے پھینکیں ۔