Monday, January 24, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

پی ایس ایل فور ، کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سات رنز سے شکست دیدی

پی ایس ایل فور ، کراچی کنگز نے ملتان سلطانز کو سات رنز سے شکست دیدی
February 15, 2019
 دبئی (92 نیوز) دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جانے والا پی ایس ایل فور کا دوسرا میچ کراچی کنگز کے نام رہا۔ کراچی کنگز نے دلچسپ مقابلے کے بعد ملتان سلطانز کو سات رنز سے شکست دیدی۔ شعیب ملک کا لاٹھی چارج ،شاہد آفریدی اور آندرے رسل جیسے بڑے نام بھی ملتان سلطان کی کشتی کنارے نہ لگا سکے۔ کراچی کنگز کے کپتان عماد وسیم  نے ٹاس جیت کر پہلے کھیلنے کا فیصلہ کیا۔ اوپنرز بابراعظم اور لیونگ سٹون نے 157 رنز کی شاندار ریکارڈ ساز  پارٹنر شپ بنائی۔ لیونگ سٹون نے 43 گیندوں پر چھ چھکوں اور چھ چوکوں کی مدد سے 82 رنز بنائے۔ بابر اعظم نے 59 بالوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 77 رنز کی شاندار اننگر کھیلی۔ لیونگ سٹون  اور بابر اعظم  کے  بعد کراچی کنگز کے بلے بازسکور میں  صرف 26 رنز کا اضافہ کرکے یکے بعد دیگرے آؤٹ ہوتے گئے۔ 184رنز کے ہدف کے تعاقب میں  ملتان سلطانز کا آغاز اچھا نہ تھا ۔ دوسرے اوور میں پانچ کے مجموعی اسکورپر  ٹام مورس چھ رنز بناکر  محمد عامر کی گیند پر انگرم کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہو گئے۔ باون کے مجموعے پر شان مسعود بیس رنز بنا کر عمرخان کے ہاتھوں پویلین لوٹ گئے، محمد عامر نے انکا کیچ پکڑا۔ شعیب ملک کی  اٹھائیس  گیندوں پر باون اورایونز کی انتالیس بالوں پر انچاس رنز کی دھواں دار اننگز بھی ٹیم کے کام نہ آئیں۔ آندرے رسل  9 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ بوم بوم آفریدی بھی جادو جگانے میں ناکام رہے۔ شاہد آفریدی محض بارہ رنز بناکر محمد عامر کی بال پر کلین بولڈ ہوئے۔ محمد عامر میچ کے کامیاب باؤلر رہے جنہوں نے چار اوورز میں پچیس رنزکے عوض چار کھلاڑیوں کو پویلین کی راہ دکھائی۔