Tuesday, February 20, 2024

پی ایس ایل سیزن سکس کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب کیساتھ باقاعدہ آغاز ہو گیا

پی ایس ایل سیزن سکس کا رنگا رنگ افتتاحی تقریب کیساتھ باقاعدہ آغاز ہو گیا
February 20, 2021

کراچی (92 نیوز) پی ایس ایل سیزن سکس کا باقاعدہ آغاز ہو گیا ، نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں افتتاحی تقریب میں عاطف اسلم ، حمائمہ ملک ، نصیبو لعل ، پاکستانی ڈچ گلوکار عمران خان نے پرفارم کیا۔

افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین پی سی بی احسان مانی  نے  کہا کہ پی ایس ایل کی کامیابی کی اصل وجہ شائقین کا جوش و خروش ہے ، پی ایس ایل اب برانڈ بن چکا ہے ، غیر ملکی کھلاڑیوں کی آمد پر انکے مشکور ہیں ، ٹورنامنٹ کے انعقاد پر سکیورٹی فورسز اور حکومت کے بھی شکر گزار ہیں ۔

احسان مانی نے کہا کہ کورونا  کی وجہ سے  نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں  7700 تماشائی  آسکیں گے جب کہ قذافی اسٹیڈیم  لاہور میں  5500 تماشائی میچ دیکھ سکیں گے ۔

چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ کورونا کی وجہ سے کم شائقین کو اسٹیڈیم میں آنے کی اجازت ہو گی ، جیسے ہی حالات بہتر ہوں گے ہم زیادہ تماشائیوں کو  داخلے کی اجازت دیں گے ۔

پی ایس ایل 6 کی افتتاحی تقریب میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی کا شانداراستعمال کیا گیا ، تقریب کے بعد نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں شاندار آتش بازی سے روشنیوں کے شہر کراچی میں آسمان بقعہ نور بن گیا۔