Saturday, July 27, 2024

پی ایس ایل تھری ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہو گا

پی ایس ایل تھری ، کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہو گا
March 20, 2018

 لاہور (92 نیوز) پی ایس ایل تھری کا رنگا رنگ میلہ پاکستان منتقل ہو گیا ۔ پہلے ایلیمنٹر میں کوئٹہ گلیڈی ایٹرز اور پشاور زلمی کے درمیان مقابلہ ہو گا ۔ دونوں ٹیمیں آج شام سات بجے لاہور کے قذافی اسٹیڈیم میں ان ایکشن ہوں گی ۔

 پاکستان سپر لیگ کا سپر میلہ آج سے پاکستان میں سجے گا ۔ شائقین کا جوش بھی ساتویں آسمان کو پہنچ گیا ۔ آج کے میچ کی فاتح ٹیم  دوسرے ایلیمنٹر میں کراچی کنگز سے ٹکرائے گی ۔ جیتنے والی ٹیم کو فیصلہ کن معرکے میں اسلام آباد یونائیٹڈ کا کڑا چیلنج درپیش ہو گا ۔

دوسری جانب لاہور میں وقفے وقفے سے تیز اور کبھی ہلکی بارش نے کوئٹہ گلیڈی ایٹرز کیلئے خطرے کی گھنٹی بجا دی ہے ،  میچ شروع نہ ہوا تو کوئٹہ گلیڈی ایٹرز ایونٹ سے باہر ہو جائے گی ،جبکہ پشاور زلمی اگلے مرحلے میں داخل ہو گی ۔

 دونوں ٹیمیں پچھلے ایڈیشن کے فائنل میں قذافی اسٹیڈیم میں کھیل چکی ہیں ،جہاں پشاور زلمی نے سرفراز الیون کو مات دے کر ٹائٹل پر قبضہ جمایا تھا ۔  

 رواں سیزن میں دونوں ٹیمیں 2 بار آمنے سامنے ہوئیں ۔ ایک بار پشاور زلمی نے میدان مارا تو ایک بار کوئٹہ گلیڈی ایٹرز نےکامیابی حاصل کی ۔  

 ایونٹ کا فائنل 25 مارچ کو کراچی کے نیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا ۔