پی ایس ایل تھری کا فائنل پچیس مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا
کراچی ( 92 نیوز ) پی ایس ایل تھری کا فائنل 25 مارچ کو نیشنل اسٹیڈیم کراچی میں کھیلا جائے گا ، جس کیلئے تیاریاں عروج پر ہیں ۔ اسٹیڈیم میں ڈیڑھ ارب روپے لاگت سے ترقیاتی کام ایک ماہ میں مکمل ہونے کا امکان ہے ۔
پی ایس ایل تھری کے فائنل کیلئے فل ڈریس ریہرسل کی بھی تیاریاں جاری ہیں ۔ کام 31 جنوری کو مکمل کیا جانا تھا لیکن مزید ایک ماہ لگ سکتا ہے ۔
اسٹیڈیم میں وی آئی پیز کی سہولت کا بھی انتظام کیا جارہا ہے جبکہ 2 نئی لفٹس آئندہ ہفتے تک لگادی جائیں گی ۔ کام مکمل ہونے کے بعد اسٹیڈیم کے بیرونی حصے کو چار چاند لگانے کا انتظام کیا گیا ہے ۔
کھلاڑیوں کا خصوصی خیال رکھنے کیلئے ڈریسنگ روم کے واش رومز کو بھی چمکانے کا سلسلہ جاری ہے جبکہ جنرل انکلوژر کی تباہ حال نشستیں بھی تبدیل کی جائیں گی ۔ پی ایس ایل فائنل کے بعد اسٹیڈیم کی چھت ڈالنے کا کام شروع ہوگا ۔
چھت ڈالنے کیلئے مخصوص ٹیفلون شیٹ استعمال کی جائے گی جس کیلئے ایک سال کا عرصہ درکار ہے ۔ چھت ڈالنے کے بعد نیشنل اسٹیڈیم عالمی معیار کا ہوجائے گا ۔