Saturday, July 27, 2024

پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کا ملک بھر میں دفاتر کی تالہ بندی جاری رکھنے کا اعلان

پی آئی اے کی مجوزہ نجکاری کے خلاف ملازمین کا ملک بھر میں دفاتر کی تالہ بندی جاری رکھنے کا اعلان
January 31, 2016
لاہور(92نیوز)پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر نے احتجاج سے علیحدگی اختیار کر لی جبکہ ملازمین کی تمام نمائندہ تنظیموں نے کنوینر کے فیصلے کو مسترد کرتے ہوئے ملک  بھر میں دفاتر کی تالہ بندی جاری رکھنے کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کےمطابق پی آئی اے کی تنظیم ایئرلیگ اس وقت قومی ایئرلائن کے ملازمین کی رجسٹرڈ سی بی اے یونین ہے اس یونین کے مرکزی صدر شمیم اکمل پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف احتجاج کے لیے بنائی گئی ملازمین کی جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے کنوینر بھی ہیں۔ شمیم اکمل نے آج اچانک قومی ایئرلائن کی نجکاری کے خلاف جاری احتجاج سے اپنی لاتعلقی کا اعلان کر دیا مگر پی آئی اے ایئر لیگ نے اپنے مرکزی صدر کے بیان کی تردید کرتے ہوئے اسے انفرادی اقدام قرار دے دیا۔ ایئرلیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل ناصر مہدی جنجوعہ نے واضح کیا ہے کہ ایئرلیگ جوائنٹ ایکشن کمیٹی کا حصہ ہے اور رہے گی۔ ناصر محمود جنجوعہ کے مطابق ایئرلیگ پی آئی اے ملازمین کی دیگر تمام نمائندہ تنظیموں کے ساتھ مل کر ملک بھر میں قومی ایئرلائن کے دفاتر کی تالہ بندی کا سلسلہ جاری رکھے گی۔ پی آئی اے کی نجکاری کے حکومتی فیصلے کے خلاف احتجاج میں ایئرلیگ کے ساتھ ساتھ پیپلز یونٹی، پیاسی، آفیسرز ایسوسی ایشن، انصاف فرنٹ، اٹاپ، سیپ، یونائیڈ ورکرز اور سکائی ویز یونین سمیت قومی ایئرلائن کے ملازمین کی تمام نمائندہ تنظیمیں شامل ہیں۔ ان تمام تنظیموں نے اپنے الگ الگ بیانات میں کہا ہے کہ پی آئی اے کی نجکاری کے خلاف تمام ملازمین متحد ہیں اور سوموار کو بھی صبح ساڑھے آٹھ بجے سے شام ساڑھے پانچ بجے تک ملک بھر کے ٹکٹنگ سنٹرز پر کام مکمل طور پر بند رہے گا جبکہ ملک کے تمام پچیس ایئرپورٹس پر واقع پی آئی اے کے کاؤنٹرز پر صرف انتہائی ضروری عملہ ڈیوٹی پر موجود ہو گا۔