Wednesday, October 5, 2022

پی آئی اے نے ملک کے چار بڑے ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا

پی آئی اے نے ملک کے چار بڑے ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا
 اسلام آباد (92 نیوز) پی آئی اے نے ملک کے چار بڑے ایئر پورٹس سے فضائی آپریشن کا آغاز کر دیا۔ کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ سے پروازوں کی آمدورفت شروع ہو گئی۔ پاکستان میں فضائی آپریشن کی بحالی کا سلسلہ شروع ہوتے ہی اندرون ملک اور بیرون ملک جانے والے مسافروں کی مشکلات بھی کم ہونے لگی۔ فلائیٹ آپریشن کی بحالی سے پانچ ہزار سے زائد مسافر قومی ایئر لائن سے وطن واپس پہنچ گئے ۔ ترجمان سول ایوی ایشن کے مطابق پاکستانی فضائی حدود کو مرحلہ وار کھولنے کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے ۔ ملک کے چار بڑے ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بلا تعطل جاری ہے۔ اسلام آباد، پشاور، کوئٹہ اور کراچی سے پروازیں شیڈول کے مطابق ہیں تاہم لاہور فیصل آباد ملتان اور دیگر شہروں سے فلائیٹ آپریشن جلد بحال کر دیا جائے گا۔ وفاقی وزیر ہوابازی محمد میاں سومرو کے مطابق پی آئی اے کے چیف ایگزیکٹو آفیسر ایئر مارشل ارشد ملک فلائیٹ آپریشن کی خود نگرانی کر رہے ہیں۔ عمرہ زائرین اور خلیجی ممالک کے مسافر جن کے ویزہ کی معیاد ختم ہو رہی ہے ان کو ترجیح دی جارہی ہے۔ پی آئی اے کے آپریشنل عملہ کی چھٹیاں بھی منسوخ کر دی گئی ہیں ۔ پاک بھارت کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح پاکستانی فضائی حدود کو بند کردیا گیا تھا جس کے بعد ملک کے تمام ایئر پورٹ پر پروازوں کے لیے آپریشن معطل تھا۔