Saturday, July 27, 2024

پی آئی اے احتجاجیوں اور اپوزیشن سے نمٹنے کیلئے ن لیگ کی نئی حکمت عملی

پی آئی اے احتجاجیوں اور اپوزیشن سے نمٹنے کیلئے ن لیگ کی نئی حکمت عملی
February 2, 2016
اسلام آباد (92نیوز) حکومت نے پی آئی اے ہڑتال اور معاملے کو سیاسی مقاصد کے لیے استعمال ہونے سے روکنے کی حکمت عملی وضح کرلی۔ وزیر اعظم نے چودھری نثار کو انتظامی اور پرویز رشید کو سیاسی طور پر معاملے سے نمٹنے کا ٹاسک سونپ دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم نواز شریف نے پی آئی اے کے بگڑتے ہوئے معاملے پر نظر رکھنے کے لیے وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان اور وزیر اطلاعات و نشریات کو ہدایات جاری کی ہیں۔ چودھری نثار کو ہڑتال کی آڑ میں بدامنی پھیلانے والے عناصر سے سختی سے نمٹنے کا ٹاسک دیا گیا ہے جبکہ وزیر اطلاعات پرویز رشید کو معاملے کو سیاسی طور پر حل کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی ہے۔ ذرائع نے بتایا کہ اپوزیشن جماعتیں پی آئی اے کے معاملے پر حکومت مخالف مہم چلانے کا ارادہ رکھتی ہیں اور اس سلسلے میں اپوزیشن لیڈر خورشید شاہ دیگر جماعتوں سے رابطے کررہے ہیں اور قومی اسمبلی کا اجلاس بھی قبل ازوقت بلانے کا مطالبہ کردیا ہے تاکہ پارلیمنٹ کے اندر اور سڑکوں پر حکومت کے خلاف بھرپور مہم چلائی جائے۔ حکومت نے بھی معاملے سے نمٹنے کی تیاری کرلی ہے۔ چودھری نثار آپریشن روکنے اور ہڑتال کرنے والے ملازمین سے سختی سے نمٹیں گے جبکہ پرویز رشید اپوزیشن کی حکومت مخالف مہم کو ناکام بنانے کی کوشش کریں گے۔