Friday, January 21, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ کیلئے بلوچستان کے صادق سنجرانی کی حمایت کر دی

پیپلزپارٹی نے چیئرمین سینیٹ کیلئے بلوچستان کے صادق سنجرانی کی حمایت کر دی
March 11, 2018

اسلام آباد ( 92 نیو ز) سینیٹ انتخابات کے آخری معرکے میں  پیپلز پارٹی نے اپنے پینل کا اعلان کر دیا ۔ پیپلز پارٹی کی جانب سے بلوچستان کے صادق سنجرانی چیئرمین جبکہ سلیم مانڈوی والا ڈپٹی چیئرمین کے امیدوار ہوں گے ۔ بلوچستان سے چیئرمین سینیٹ لینے پر وزیراعلیٰ بلوچستان نے پیپلز پارٹی قیادت کا شکریہ ادا کیا ۔

آصف زرداری اور بلاول بھٹو کی صدارت میں پیپلز پارٹی رہنماؤں کا اہم مشاورتی اجلاس ہوا ۔  چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین کے لیے مختلف پارٹی رہنماؤں کے ناموں پر مشاورت  کی گئی ،  بلاول بھٹو نے رضا ربانی کو چیئرمین سینیٹ نامزد کرنے کی تجویز  دی جسے  آصف علی زرداری نے نام مسترد کر دیا ۔

چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے نام فائنل کرنے کے بعد وزیراعلیٰ بلوچستان کے ہمراہ میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے حتمی ناموں کا اعلان کیا ۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے پیپلز پارٹی کی جانب سے چیئرمین سینیٹ کے لیے بلوچستان کے سینیٹر کا نام تجویز کرنے پر شکریہ ادا کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی نے بلوچستان کے عوام کے دل جیت لیے ۔

بلاول بھٹو کا کہنا تھا سینیٹ میں بھی ہر صوبے کو حق ملنا چاہیے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ چیئرمین اور ڈپٹی چیئرمین سینیٹ کے لیے پیپلز پارٹی کو اکثریت حاصل ہے ۔