Tuesday, April 30, 2024

حکومت نے ’’رانا‘‘ کو سینے سے کیوں لگارکھا ہے ، خواجہ حمید الدین

حکومت نے ’’رانا‘‘ کو سینے سے کیوں لگارکھا ہے ، خواجہ حمید الدین
January 20, 2018

لاہور ( 92 نیوز ) پیر خواجہ حمید الدین سیالوی نے ملک میں شریعت محمدی نافذ کرنے کے لیے 7 دن کی مہلت دیدی ۔ لاہور میں تحفظ ختم نبوت کانفرنس سے خطاب میں پیر آف سیال نے کہا کہ حکومت نے ’’رانا‘‘ کو سینے سے کیوں لگارکھا ہے ۔معصوم بچیوں کو زیادتی کے بعد قتل کیا جا رہا ہے۔کیا ان کی چیخیں تمہارے محلوں تک نہیں پہنچیں۔حکومت نےمعصوم بچیوں کے قاتل آج تک گرفتارکیوں نہیں کیے۔ اگر مطالبہ پورا نہ ہوا تو پنجاب کے گلی کوچے بند کردیں گے ۔ کانفرنس سے صاحبزادہ حامد رضا، غلام بی بی بھروانہ اور آصف اشرف جلالی نے بھی خطاب کیا۔

پیر آف سیال خواجہ حمید الدین سیالوی  کی زیر صدارت ختم نبوت کانفرنس  میں ہزاروں عاشقان رسول نے شرکت کی ۔پیر خواجہ حمید الدین سیالوی کا ہزاروں افراد کےساتھ جلسہ گاہ پہنچنے پرعاشقان رسول کی بڑی تعداد نے ان کا استقبال کیا ۔فیصل آباد سے سنی اتحاد کونسل کا بڑا قافلہ بھی مقررہ راستوں سے جلسہ گاہ پہنچے ۔

 علامہ ڈاکٹر آصف اشرف جلالی نے  پنجاب کے وزیرقانون کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا مطالبات تسلیم ہونے تک مہم جاری رہے گی ۔

چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ حامد رضا نے  بھی حکومت کو للکارا اور کہا کہ چاہیں تو گھنٹوں میں حکمرانوں کے اقتدار کا خاتمہ کر سکتے ہیں  ۔ ہم رانا ثنا اللہ سے استعفی لے کر رہیں گے۔

غلام بی بی بھروانہ نے بھی پرجوش خطاب کیا اور واضح کہا کہ ختم نبوت قانون میں ترمیم کی کوشش ہی کیوں کی گئی ۔یہ ختم نبوت نظام مصطفی کی تحریک ہے ۔

وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ حکومت کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جا رہا ہے ۔ دیکھنا یہ ہے کہ اب پنجاب حکومت کیا لائحہ عمل اپناتی ہے ۔ کیا رانا ثنا اللہ مستعفی ہو جائیں گے اس کا فیصلہ وقت کرے گا ۔