Tuesday, April 30, 2024

پیرپگاڑا نے ملک ٹھیک کرنے کیلئے فوجی حکومت کی حمایت کر دی

پیرپگاڑا نے ملک ٹھیک کرنے کیلئے فوجی حکومت کی حمایت کر دی
May 22, 2016
حیدرآباد (92نیوز) حیدرآباد میں گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کا کنونشن ہوا جس میں قرارداد پیش کی گئی کہ سندھ کی دولت لوٹنے والے حکمرانوں کو گرفتار کیا جائے اور صوبے میں فوری طور پر شفاف الیکشن کرا کے اقتدار حقیقی نمائندوں کے حوالے کیا جائے۔ کنونشن میں پیر صاحب پگارا‘ پیر صبغت اللہ شاہ راشدی، ذوالفقار مرزا سمیت کئی اہم رہنماوں نے شرکت کی۔ grand allince   تفصیلات کے مطابق گرینڈ ڈیمو کریٹک الائنس کے کنونشن میں لیاقت جتوئی، غوث علی شاہ‘ ایازپلیچوسمیت کئی اہم رہنماوں نے شرکت کی جبکہ کارکنوں کی بڑی تعداد بھی اس موقع پر موجود تھی۔ کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پیر صبغت اللہ شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ رینجرز نے کم اختیارات کے باوجود کراچی کا امن لوٹا دیا۔ کیا ملک ٹھیک کرنے کے لئے فوج 7، 8 سال حکومت نہیں کر سکتی۔ سابق وزیرداخلہ سندھ ذوالفقار مرزا نے جوشیلا خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سندھ کو مال غنیمت سمجھ کر لوٹا جا رہا ہے۔ اگرہم خاموش بیٹھے رہے تو ایک دن کالا باغ ڈیم بھی بن جائے گا۔ کنونشن سے عوامی تحریک کے سربراہ ایاز لطیف پلیجو، غوث علی شاہ، اربا ب رحیم، نصرت سحر عباسی سمیت دوسرے رہنماوں نے بھی خطاب کیا جن کا کہنا تھا کہ ہم سندھ کا اقتدار کرپٹ لوگوں سے چھیننا چاہتے ہیں۔ کنونشن میں قرارداد بھی پیش کی گئی جس میں کہا گیا کہ سندھ کی دولت لوٹنے والے حکمرانوں کو گرفتار کیا جائے اور شفاف الیکشن کرا کے اقتدار حقیقی نمائندوں کے حوالے کیا جائے۔