Friday, November 26, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت اٹھارہ مارچ تک ملتوی

پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت اٹھارہ مارچ تک ملتوی
March 5, 2021

لاہور (92 نیوز) احتساب عدالت نے پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت اٹھارہ مارچ تک ملتوی کر دی۔

احتساب عدالت میں پیراگون ہاؤسنگ سوسائٹی کیس کی سماعت ہوئی۔ خواجہ سلمان رفیق پہلے پیش ہوئے اور کچھ دیر بعد خواجہ سعد رفیق بھی پیش ہو گئے۔ خواجہ سلمان رفیق نے عدالت میں صفائی کے ناقص انتظامات کی طرف توجہ مبذول کرائی۔

فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ سسٹم بنانا آپ کا کام ہے جو نہیں بنایا گیا، شہباز شریف ہو یا عمران خان ہمیں فرق نہیں پڑتا، گندگی میں بڑے ہوئے اور گندگی میں ہی مر جائیں گے، ہم گند میں رہے اور آپ لوگ ترقی کر گئے۔

نیب پراسکیوٹر نے دوسرے گواہ کا بیان قلمبند کروانے کے لیے مہلت طلب کی تو فاضل جج نے وجہ پوچھ لی۔ امجد پرویز ایڈووکیٹ نے پوچھا کیا کل نیب پراسکیوٹر کا کنٹریکٹ ختم ہونے جا رہا ہے؟فاضل جج نے ریمارکس دیئے کہ نہیں کل اسلام آباد میں کچھ ہونے جا رہا ہے۔

نیب پراسیکیوٹرنے مؤقف اختیار کیا کہ کل کا خواجہ سعد رفیق بہتر جانتے ہیں کیا ہونا ہے جس پر خواجہ سعد رفیق نے کہا کہ مجھے پتہ ہے کہ کل اسلام آباد میں کیا ہونا ہے۔ عدالت نے نیب پراسکیوٹر کی استدعا منظور کرتے ہوئے نیب کے گواہ کو دوبارہ آئندہ سماعت پر طلب کر لیا۔

سماعت کے موقع پر سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے تھے۔