اسلام آباد (92 نیوز) قومی اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف نے کہا پہلے دن ہی کہا تھا معیشت انا، ضد اور تکبر کی زد میں ہے۔
وفاقی وزیر خزانہ اسد عمرکے استعفے پر اپوزیشن نے حکومت کے خلاف محاذ کھول دیا۔
قائد حزب اختلاف شہباز شریف بولے وقت ضائع نہ کیا جاتا تو معاشی تباہی کا سامنا نہ کرنا پڑتا۔
بلاول بھٹو زرداری نے ردعمل دیا حکومت کو 8 ماہ بعد احساس ہوا معاشی پالیسیاں غلط ہیں، امید ہے اسد عمر کو ہٹانے سے معاشی صورتحال بہتر ہو گی۔
پی پی رہنما قمر زمان کائرہ کہتے ہیں سارا ملک کہہ رہا ہے عمران خان نے غلط فیصلے کیے ، استعفیٰ حکومت کی ناکامی کا اقرار ہے۔
ن لیگ کی ترجمان مریم اورنگزیب بھی میدان میں آئیں۔ ٹویٹ داغا کہ اسدعمر کا جانا اس بات کا ثبوت ہے کہ عمران خان کی معاشی پالیسیاں ناکام ہیں۔
سابق گورنر سندھ محمد زبیر بولے اسد عمر تحریک انصاف کے گولڈن بوائے تھے، حکومت کے سب سے ہونہار وزیر کے ساتھ ایسا ہورہا ہے تو کسی کے ساتھ بھی ہو سکتا ہے۔
محمد زبیر نے مزید کہا کہ تحریک انصاف کے خواب کی کوئی حقیقت نہیں تھی،عمران خان قوم کو بےوقوف بناتے رہے۔