Friday, September 13, 2024

پہلا ٹی 20 ، پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 48رنز سے شکست دیدی

پہلا ٹی 20 ، پاکستان نے اسکاٹ لینڈ کو 48رنز سے شکست دیدی
June 12, 2018
ایڈنبرا( 92 نیوز) پاکستان نے دو ٹی 20 میچز کی سیریز میں  اسکاٹ لینڈ کو شکست دے کر سیریز میں 0-1 سے برتری حاصل کر لی ۔  پاکستانی ٹیم کے 204 رنز کے جواب میں اسکاٹ لینڈ کی ٹیم مقررہ 20اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 156 رنز بناسکی ۔ کپتان سرفراز احمد نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا  تو اوپنرز فخر زمان اور  احمد شہزاد اچھا کھیل پیش نہ کر سکے ۔ فخر زمان صرف چھ گیندوں پر ایک چوکے  کی مدد سے 7 رنز بنا کر  چلتے بنے ۔ ساتھی اوپنر احمد شہزاد بھی اچھا کھیل پیش نہ کر سکے  اور 6 گیندوں پر صرف 4 اسکور بنا کر ہمت ہار گئے ۔ تیسرے نمبر پر کھیلنے  والے حسین طلعت نے پاکستانی ٹیم کی ڈوبتی ناؤ  کو سنبھالا دینے کی کوشش کی اور محتاط انداز میں کھیلتے ہوئے 16 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے 18 رنز بنائے ۔ وہ برنگٹن  کی گیند پر حمزہ طاہر کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ کپتان سرفراز احمد اور شعیب ملک نے شاندار بیٹنگ کا مظاہرہ کیا اور 96رنز کی شراکت داری قائم کی ، سرفراز احمد نے ذمہ دارانہ انداز میں بیٹنگ کی اور 49 گیندوں پر 10 چوکوں اور 3چھکوں کی مدد سے 89 رنز کی ناقابل شکست اننگ کھیلی ۔ شعیب ملک نے بھی ٹیم کے کو خوب سہارا دیا اور 27 گیندوں پر 5 چھکوں کی مدد سے 53 رنز بنائے  ۔ وہ ایوان کی گیند پر لیکس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے ۔ اسکاٹ لینڈ کی جانب سے  ایلسڈئر ایونز 4اوورز میں  23رنز کے عوض 3 شکار کر کے کامیاب ترین باؤلر ٹھہرے جب کہ حمزہ طاہر 4 اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کئے 57رنز دے کر مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے ۔ اسکاٹ لینڈ کی ٹیم 205 رنز کے ہدف کے تعاقب میں میدان میں اتری  اور محتاط انداز میں بیٹنگ کی اوپنر جارج میونزے نے  22 گیندوں پر ایک چھکے اور دو چوکوں کی مدد سے 25 رنز بنائے اور حسن علی کی گیند پر وکٹ کیپر کپتان سرفراز احمد کو کیچ تھما دیا  ۔ ساتھی اوپنر اور اسکاٹ لینڈ ٹیم کے کپتان کیل کوئٹزر  محمد نواز کی گیند پر آصف علی کو گیند تھما کر چلتے بنے ۔انہوں نے 18 گیندوں پر ایک چھکے اور چار چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے ۔ اس کے بعد آنے والے کھلاڑی شاہینوں کی گیندوں کا سامنا نہ کر پائے اور یکے بعد دیگرے چلتے بنے ۔ ریچی برنگٹن 7 گیندوں پر 3 رنز بنا کر شاداب خان کی گیند پر کلین بولڈ ہو گئے ۔کالم میکلوڈ 12،ڈیلن بڈج24 ، میتھیو کراس 13 رنز بنا کر ہمت ہار گئے ۔ پاکستان کی جانب سے شاداب خان 4اوورز میں 25 رنز  کے عوض 2وکٹیں حاصل کر کے کامیاب ترین باؤلر رہے  جب کہ محمد عامر 4اوورز میں ایک وکٹ کے عوض 45رنز دے کر مہنگے ترین باؤلر ثابت ہوئے ۔ حسن علی نے 4 اوورز میں 33رنز دے کر دو شکار کئے ، محمد نواز 4اوورز میں 22رنز کے عوض ایک وکٹ حاصل کی جب کہ فہیم اشرف نے تین اوورز میں بغیر کوئی وکٹ حاصل کئے 23 رنز دیئے ۔