Saturday, July 27, 2024

پٹھانکوٹ حملہ: بھارت تحقیقات میں غیرسنجیدہ ‘ پاکستان کا سخت رویہ اپنانے کا فیصلہ

پٹھانکوٹ حملہ: بھارت تحقیقات میں غیرسنجیدہ ‘ پاکستان کا سخت رویہ اپنانے کا فیصلہ
April 7, 2016
اسلام آباد (92نیوز) وزیر اعظم کی زیر صدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں پٹھان کوٹ حملے سے متعلق ہونے والے اہم فیصلوں پر عمل درآمد شروع کردیا گیا۔ بھارتی ہٹ دھرمی کے پیش نظر پاکستان نے مقدمے کی تحقیقات کو روکتے ہوئے بھارت سے سخت رویہ اپنانے کا فیصلہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی زیرصدارت قومی سلامتی کمیٹی کے اجلاس میں انہیں پٹھان کوٹ حملے سے متعلق جے آئی ٹی رپورٹ اور بھارتی رویے سے متعلق آگا ہ کیا گیا تھا اور وزیر اعظم کو بتایا گیا تھا کہ بھارت تحقیقات کے معاملے میں سنجیدہ دکھائی نہیں دیتا کیونکہ بھارتی حکام نے پاکستانی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم کو واقعے سے متعلق ثبوتوں تک رسائی نہیں دی۔ بھارتی ہٹ دھرمی حقائق فراہم کرنے پر خاموشی کو مدنظر رکھتے ہوئے اجلاس میں پٹھان کوٹ حملے سے متعلق کچھ اہم فیصلے کئے گئے تھے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ اب ان فیصلوں پر باقاعدہ عمل درآمد شروع کردیا گیا ہے اور اس حوالے سے پٹھان کوٹ حملے کی تحقیقات کو بھارت سے مکمل ثبوت اور شواہد ملنے تک روک دیا گیا ہے جبکہ مقدمے کاریکارڈ تھانہ سی ٹی ڈی گوجرانوالہ سے لاہور منتقل کردیا گیا ہے۔ ذرائع بتاتے ہیں کہ بھارت کے ساتھ اب سخت رویہ اپنانے کا فیصلہ کیا گیا ہے جبکہ بھارتی ٹیم کو پاکستان میں زیر حراست افراد تک رسائی نہیں دی جائے گی اور اس ضمن میں بھارت سے حال ہی میں ہونے والے مذاکرات بھی معطل کر دیے گئے ہیں۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ جب تک بھارت ہٹ دھرمی چھوڑ کر سنجیدگی نہیں دکھائے گا اور پٹھان کوٹ واقعے سے جڑے اصل حقائق سامنے نہیں لائے گا اس وقت تک مثبت پیش رفت کا امکان نہیں۔