Tuesday, February 7, 2023

پٹرول کی قلت پر وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ، عمر ایوب کی بحران پر بریفنگ

پٹرول کی قلت پر وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ، عمر ایوب کی بحران پر بریفنگ
 اسلام آباد (92 نیوز) پٹرول کی قلت پر وزیراعظم کی زیر صدارت اجلاس ہوا۔ ندیم بابر اور عمر ایوب نے بحران پر بریفنگ دی۔ اجلاس میں کابینہ ممبران نے پٹرولیم حکام کو خوب آڑے ہاتھوں لیا ۔ بابر اعوان بولے وزارت پٹرولیم نے تین دن میں بحران ختم کرنے کا وعدہ کیا تھا تو اقدامات کیوں نہیں اٹھائے ۔ شاہ محمود بولے وزارت پٹرولیم بحران کی ذمہ داری قبول کرے جس پر معاون خصوصی پٹرولیم ندیم بابر نے کہا کہ کئی آئل کمپنیوں نے پٹرول زخیرہ کیا ہوا تھا جن پر جرمانے عائد کئے گئے ہیں۔ اب ملک کے بیشتر علاقوں میں بحران نہیں رہا۔ وزیراعظم عمران خان کی زیر صدارت وفاقی کابینہ کے اجلاس میں انٹرنیشنل فلائٹس کی بحالی کا معاملہ زیر بحث آیا ہے۔ معاون خصوصی زلفی بخاری نے انٹرنیشنل فلائٹس کھولنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلائٹس کی بندش سے اوورسیز پاکستانیوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ دیار غیر میں پھنسے پاکستانیوں کو فوری مدد کی ضرورت ہے۔ 2 لاکھ سے زائد اوورسیز پاکستانی ملازمتوں سے محروم ہو چکے ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے اوورسیز پاکستانیوں کے لئے مرحلہ وار انٹرنیشنل فلائٹس بحال کرتے ہوئے متعلقہ حکام کو ایکشن پلان تیار کرنے کی ہدایت کر دی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدائی طور پر عرب ممالک کے لئے بین الاقوامی پروازیں بحال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ گلف ممالک سے پاکستانیوں کی محفوظ وطن واپسی کے بعد اگلہ مرحلہ شروع ہوگا۔ سب سے پہلے بے روزگار ہونے والے مزدور اور محنت کشوں کو وطن واپس لایا جائے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اوورسیز پاکستانی ہمارے دل کے قریب ہیں مشکل وقت میں تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ کورونا وباء کے باعث لاکھوں پاکستانی روزگار سے محروم ہوئے جس کا دکھ ہے۔ ہمیں اوورسیز پاکستانیوں کو درپیش مشکلات کا اندازہ ہے۔