Tuesday, October 4, 2022

پٹرول پمپس لیز از خود نوٹس کیس، جی ٹی روڈ کے اطراف دی گئی لیز کی تفصیلات طلب

پٹرول پمپس لیز از خود نوٹس کیس، جی ٹی روڈ کے اطراف دی گئی لیز کی تفصیلات طلب

اسلام آباد ( 92 نیوز) سپریم کورٹ نے پٹرول پمپس  کی لیز سے متعلق ازخودنوٹس کیس میں ملک بھر میں جی ٹی روڈز کے اطراف دی گئی لیز کی تفصیلات طلب کرلیں۔

سپریم کورٹ نے پٹرول پمپس کی لیز سے متعلق ازخودنوٹس کیس میں ملک بھر میں جی ٹی روڈز کے اطراف دی گئی لیز کی تفصیلات طلب کرلیں ، چیئرمین این ایچ اے کو ذاتی حیثیت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا ، چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جی ٹی روڈ این ایچ اے کی ملکیت نہیں ، این ایچ اے زمین کا مالک نہیں تو لیز پر کیسے دےسکتا ہے۔

وکیل نیشنل ہائی وے اتھارٹی نے موقف  اپنایا کہ این ایچ اے کے اطراف 220 فٹ جگہ این ایچ اے کی ملکیت ہے جس پر چیف جسٹس نے ریمارکس دیے کہ جی ٹی روڈ این ایچ اے کی ملکیت نہیں، این ایچ اے زمین کا مالک نہیں تو لیز پر کیسے دے سکتا ہے۔

جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیے کہ این ایچ اے کو زمین سڑک کی تعمیر، مرمت اور توسیع کیلئے دی گئی، این ایچ اے کے قواعد قانون کیخلاف ہوئے تو کالعدم ہو جائیں گے ۔

عدالت نے پٹرول پمپس، ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کو دی گئی زمین کی تفصیلات اور کس کو کن شرائط پر اور کب سے لیز دی گئی ہے اس کا تمام ریکارڈ پیش کرنے کا حکم دیا ہے۔

عدالت نے این ایچ اے کی جانب سے جاری تمام لائسنسز کی تفصیلات بھی طلب کی ہیں جبکہ اٹارنی جنرل اورایڈووکیٹ جنرل پنجاب کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت دو ہفتے کیلئے ملتوی کر دی۔