Saturday, July 27, 2024

پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک، ایک روپیہ فی لٹر اضافہ

پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک، ایک روپیہ فی لٹر اضافہ
February 15, 2017

اسلام آباد (92نیوز) حکومت نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کی منظوری دے دی۔ پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایکٍ، ایک روپےفی لٹر اضافہ کر دیا گیا۔ تفصیلات کے مطابق حکومت نے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل کا اعلان کر دیا۔وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے میڈیا بریفنگ میں بتایا کہ اوگرا نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے کی سفارشات بھجوائی تھیں۔

پٹرول کی قیمت میں ایک روپے 91 پیسے فی لٹر اور ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت میں 2 روپے 3 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز دی گئی تھی۔ اوگرا کی سفارشات وزیراعظم کے سامنے رکھی گئیں جس کے بعد پٹرول اور ڈیزل کی قیمت میں ایک ایک روپے اضافہ کیا گیا ہے۔

حکومت ان مصنوعات پر عوام کو 3 ارب روپے کی سبسڈی دے گی۔ وزیر خزانہ نے آئندہ 15 دن کے لیے مٹی کے تیل اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمتیں برقرار رکھنے کا بھی اعلان کیا۔

اوگرا نے مٹی کے تیل کی قیمت میں 16روپے 71پیسے فی لٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 12روپے 53 پیسے فی لٹر اضافے کی تجویز دی تھی۔ اسحاق ڈار کا کہنا تھا کہ کوشش کی ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کم از کم اضافہ کیا جائے۔ نئی قیمتوں کا اطلاق کل 16فروری سے ہو گا۔