Saturday, July 27, 2024

پولیس اورسکیورٹی اداروں کا ملک بھر میں سرچ آپریشن ،سیکڑوں مشکوک افراد گرفتار

پولیس اورسکیورٹی اداروں کا ملک بھر میں سرچ آپریشن ،سیکڑوں مشکوک افراد گرفتار
February 18, 2017
گجرات(92نیوز)گجرات،سیالکوٹ اور میانوالی سمیت مختلف شہروں میں پولیس اورسکیورٹی اداروں نے مشترکہ کارروائیاں کیں اور تین سو سے زائد افراد کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ہے۔ جھنگ میں سی ٹی ڈی نے 5 ڈیٹونیٹر اور بڑی مقدار میں باروری مواد برآمد کرکےمبینہ دہشت گردکوگرفتار کرلیا۔ تفصیلات کےمطابق دہشت گردی  کے حالیہ واقعات کے بعد  ملک بھر میں کومبنگ  آپریشن میں تیزی آ گئی ہے۔سیالکوٹ  کے علاقےحا جی پورہ میں پولیس نے کارروائی کی اور اٹھارہ افغانیوں کو گرفتار کرلیا ، شیخوپورہ میں پولیس اور حساس اداروں  نے ہوٹلوں اور کرائے داروں کےکوائف معلوم کئے جبکہ شناختی دستاویزات نہ ہونے پر بارہ مشکوک  افراد کوگرفتارکرکے  اسلحہ برآمد کرلیا۔ چنیوٹ پولیس نے شہر کے مختلف علاقوں سے گیارہ مشتبہ افراد کوحراست میں لیا۔  گجرات پولیس بھی  ایکشن میں آ گئی اور پچاس مشکوک افراد کوحراست میں لےکرتفتیش شروع کردی ہے۔ مردان پولیس نےتین سہولت کاروں سمیت  55 مشتبہ  افراد کوگرفتارکرلیا سرچ آپریشن کے دوران بڑی تعداد میں اسلحہ  بھی  برآمد کرلیا گیا ۔ صوابی کے مختلف علاقوں میں سرچ اینڈ سٹرائک آپریشن کیا گیا مشترکہ کارروائی میں ایک سو چار افراد کوگرفتارکرکے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔ میانوالی میں  افغان مہاجر کیمپ سمیت مختلف علاقوں میں گرینڈآپریشن  ہوا آپریشن میں 72 مشتبہ افراد کو حراست میں لے لیا گیا ، شہداد کوٹ میں پولیس اور رینجرز نے  آپریشن کیا اور دس مشکوک افراد کو گرفتارکرلیا، ادھر سانحہ  سیہون کے بعد سندھ,پنجاپ  اور بلوچستان کی سرحد پر کشمورمیں سکیورٹی سخت کردی گئی ہے جبکہ  دس افراد کو  گرفتار کرکے انہیں نامعلوم مقام پرمنتقل کردیا ہے دوسری  جانب مختلف شہروں میں مزارات ،امام بارگاہوں اورمساجد کی سکیورٹی بھی سخت کردی گئی ہے۔