Thursday, September 19, 2024

پندرہویں قومی اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا

پندرہویں قومی اسمبلی کے نو منتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا
August 13, 2018
اسلام آبا د( 92 نیوز) 15ویں قومی اسمبلی کے نومنتخب ارکان نے حلف اٹھا لیا ، اسپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے نو منتخب ارکان سے حلف لیا۔ عمران خان ، آصف زرداری،بلاول بھٹو، شہباز شریف ،شیخ رشید سمیت نومنتخب ارکان قومی اسمبلی نے حلف اٹھا لیا ۔نئے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کا انتخاب 15 اگست کو ہوگا ۔ پاکستان کی 15ہویں قومی اسمبلی کا اجلاس سپیکرسردار ایاز صادق اجلاس کی زیرصدارت ہوا ، اجلاس کا آغاز قومی ترانے سے ہوا اور تمام ارکان نے بصد احترام کھڑے ہوکر قومی ترانہ سنا جس کے بعد تلاوت کلام پاک کی گئی۔ اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے ایوان کی کارروائی کے آغاز میں نومنتخب اراکین کو مبارکباد دی اور حلف کے طریقہ کار سے آگاہ کیا۔ سردار ایاز صادق نے قومی اسمبلی کے نئے اسپیکر و ڈپٹی اسپیکر کے انتخاب کے لیے 15 اگست کی تاریخ کا اعلان کیا اور طریقہ کار بھی بتایا۔اس کے بعد اسپیکر قومی اسمبلی ایاز صادق نے نو منتخب ارکان اسمبلی سے حلف لیا جس کے بعد ارکان کی جانب سے  حروف تہجی کے حساب سے رجسٹر پر دستخط  کیے۔ سب سے پہلا مرحلہ نو منتخب ارکان قومی اسمبلی سے اپنے رول سائین پر دستخط کا آیا جس میں سب سے پہلے اسپیکر ایاز صادق نے بطور رکن پارلیمنٹ دستخط کئے۔ ایاز صادق کے دستخط کرنے پر ارکان نے ڈیسک بجا کر خیر مقدم کیا۔ اس کے بعد آصف زرداری رول سائن کے لئے آئے۔ اس دوران ایوان میں جئےبھٹو کے نعرے بھی لگے۔ بلاول بھٹو کی ایوان میں پہلی بار انٹری  ہوئی۔ آصف زرداری کے ہمراہ پرویز اشرف، خورشید شاہ براجمان ہوئے جبکہ بلاول بھٹو کے ساتھ فرحت اللہ بابر براجمان تھے۔ آصفہ بھٹو، بختاور بھٹو، مخدوم احمد محمود مہمانوں کی گیلری میں موجود رہیں ۔ سابق وزیر اعظم یوسف رضا گیلانی مہمان کے طور پر گیگلری میں موجود رہے ۔ چیئرمین تحریک انصاف عمران خان، آصف زرداری، بلاول بھٹو زرداری،شہباز شریف، شیخ رشید،خورشید شاہ، شاہ محمود قریشی، فواد چوہدری، شفقت محمود،رانا ثناءاللہ،نوید قمر اوردیگر ارکان ایوان میں موجود تھے۔ عمران خان قائدایوان کے لیے مخصوص نشست کے ساتھ والی نشست پر براجمان تھے جب کہ  مسلم لیگ ن کے صدر شہبازشریف، احسن اقبال اور رانا تنویر ساتھ ساتھ بیٹھے تھے۔ مولانا فضل الرحمان مسلسل تین اسمبلیوں میں رہنے کے بعد آج ایوان میں نہ پہنچ سکے۔ مولانا خود تو نہ آئے لیکن ان کی پگڑی ایوان میں پہنچ گئی۔ مولانا کے صاحبزادے اسعد محمود نے مولانا کی پگڑی پہن رکھی تھی۔ مولانا فضل الرحمان اپنے دونوں حلقوں سے شکست کھا گئے تھے۔ ارکان کے حلف اٹھانے اور دستخط کرنے بعد اجلاس بدھ 15 اگست صبح 10 بجے تک ملتوی کردیا گیا۔