Tuesday, April 30, 2024

پنجاب کے مختلف علاقوں میں جاری موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا

پنجاب کے مختلف علاقوں میں جاری موسلا دھار بارش سے گرمی کا زور ٹوٹ گیا
September 4, 2020
 لاہور (92 نیوز) پنجاب کے مختلف علاقوں میں رات گئے سے جاری موسلا دھار بارش نے گرمی کا زور توڑ دیا۔ صوبائی درالحکومت سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں میں بادل کھل کے برسے۔ صدر، گلبرگ، اچھرہ، مغل پورہ، جوہر ٹاؤن ، کلمہ چوک میں  موسلا دھار بارش ہوئی۔ لاہور میں علی الصبح سے ہونے والی موسلادھار بارش سے موسم تو خوشگوار ہو گیا لیکن نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ جل تھل ایک ہوا تو گلیاں بازار ندی نالوں کا منظر پیش کرنے لگے جس سے شہریوں کو مشکلات کا سامنا رہا۔ چائنہ سکیم ایک بار پھر جوہڑ بن گیا جبکہ گلیاں کئی کئی فٹ تک پانی میں ڈوب گئیں۔ شاد باغ کا علاقہ بھی بارشی پانی میں ڈوب میں گیا۔ پانی گھروں میں داخل ہو گیا۔ دوسری جانب واسا کی ٹیمیں مختلف علاقوں میں نکاسی آب میں مصروف ہیں۔ قصور میں بادل ایسے برسے کہ ہر طرف پانی ہی پانی ہو گیا۔ گلیوں اور بازاروں میں سیلابی صورتحال کا گمان ہونے لگا۔ گجرانوالہ میں موسلا دھار بارش سے گرمی اور حبس کا زور ٹوٹ گیا جبکہ کوٹ رادھا کشن میں بھی بادل جم کے برسے اور نشیبی علاقے زیر آب آ گئے۔ سیالکوٹ، حافظ آباد اور دیگر علاقوں میں بھی وقفے وقفے کے ساتھ بارش کا سلسلہ جاری ہے۔ ادھر مون سون بارشوں کے نئے اسپیل سے جانی نقصان بھی ہوا۔ چکوال میں مکان گرنے سے چار افراد ، پنڈی بھٹیاں میں چھت گرنے سے تین بچے جاں بحق جبکہ تلہ گنگ میں بھی گھر کی چھت گرنے سے ملبے تلے دب کر دو افراد جاں بحق ہو گئے۔ بونیر میں چھت گرنے سے 8 سالہ بچہ جاں بحق اور مالم جبہ میں چھت گرنے سے ماں بیٹا جان سے گئے۔