Sunday, February 5, 2023

پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز گزشتہ 10 دن سے بند

پنجاب کے سرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز گزشتہ 10 دن سے بند
 لاہور (92 نیوز) پنجاب کےسرکاری اسپتالوں کی اوپی ڈیز گزشتہ 10 دن سے بند ہیں۔ ینگ ڈاکٹرز، نرسز، پیرامیڈیکس اسٹاف اور درجہ چہارم کے ملازمین نے ایکا کر لیا۔ گرینڈ ہیلتھ ایمپلائز الائنس حکومت کے خلاف ڈٹ گیا اور اعلان کر دیا کہ ایم ٹی آئی ایکٹ کو کسی صورت پنجاب کے اسپتالوں میں نافذ نہیں ہونے دیں گے۔ لاہور کے سرکاری اسپتالوں کی او پی ڈیز میں کام بند کئے ہوئے نو روز گزر گئے، مریضوں کا علاج معالجہ شدید متاثر ہو رہا ہے جبکہ معمول کے آپریشن بھی منسوخ ہونے لگے۔ گرینڈ ہیلتھ ایمپلائز الائنس کا کہنا ہےکہ کے پی کے طرز کا نظام صحت پنجاب میں نہیں لانے دیں گے۔ پیرا میڈیکل اسٹاف اور نرسز نے بھی ڈاکٹرز کی ہاں میں ہاں ملادی ، مسیحاؤں اورحکومت کی لڑائی میں مریض پس کر رہ گئے۔ فیصل آباد میں بھی اسپتالوں کی مجوزہ نجکاری کیخلاف ڈاکٹرز کا احتجاج جاری ہے ۔ الائیڈ اور سول اسپتال کی او پی ڈیز مسلسل بند ہیں اور مریضوں کا کوئی پُرسان حال نہیں، ملتان کے مسیحا بھی میڈیکل ٹیچنگ انسٹی ٹیوشن ایکٹ کے خلا ڈٹ گئے۔ آؤٹ پیشنٹ ڈور میں طبی سہولیات نہ ہونے سے مریضوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔