Wednesday, December 7, 2022

پنجاب میں 1119 نشستوں کیساتھ نون لیگ پہلے نمبر پر‘ 735 آزاد امیدوار کامیاب

پنجاب میں 1119 نشستوں کیساتھ نون لیگ پہلے نمبر پر‘ 735 آزاد امیدوار کامیاب
لاہور (92نیوز) پنجاب کی 1860 نشستوں کے نتائج 92نیوز نے حاصل کرلئے۔ مسلم لیگ (ن) 1119 نشستوں کے ساتھ پنجاب میں پہلے نمبر پر ہے جبکہ پنجاب سے 735 آزاد امیدوار کامیاب ہوئے ہیں۔ پاکستان تحریک انصاف نے 188 نشستوں پر کامیابی حاصل کی ہے۔ پیپلز پارٹی کو پنجاب میں 35 جبکہ دیگر جماعتوں کو 37 نشستیں ملی ہیں۔ تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ (ن) نے پنجاب کے بلدیاتی انتخابات کے پہلے مرحلے میں کامیابی کی نئی تاریخ رقم کردی۔ ضلع فیصل آباد کی میونسپل کمیٹی چک جھمرہ کی بارہ نشستوں میں سے دس پر مسلم لیگ نون کامیاب ہوئی۔ میونسپل کارپوریشن گجرات میں قاف لیگ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بارہ میں سے سات یونین کونسلوں پر مسلم لیگ نون، تین پر قاف لیگ اور دو پر تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ میونسپل کمیٹی ڈنگہ کی بارہ سیٹوں میں سے گیارہ پر نون لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار منتخب ہوئے۔ ایک نشست پیپلزپارٹی کو ملی۔ میونسپل کمیٹی سرائے عالمگیر کی بارہ میں سے نو سیٹیں نو ن لیگ نے جیتیں۔ تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور آزاد امیدوار ایک ایک نشست جیت سکے۔ جلال پور جٹاں کی تئیس رکنی میونسپل کمیٹی میں سے بارہ پر نون لیگ کامیاب ہوئی۔ قاف لیگ کو آٹھ اور آزاد امیدواروں کو تین سیٹیں ملیں۔ ضلع چکوال کی میونسپل کمیٹی تلہ گنگ میں بارہ میں سے سات نشستوں پر قاف لیگ کامیاب ہوئی۔ تین نون لیگ اور دو سیٹیں آزاد امیدواروں کے حصے میں آئیں۔ ضلع کونسل پاک پتن میں مسلم لیگ (ن) نے بائیس سیٹیں جیت کر میدان مار لیا۔ انیس آزاد امیدوار، تحریک انصاف کے بارہ اور پیپلز پارٹی کا ایک امیدوار کامیاب ہوا۔ میونسپل کمیٹی عارف والا میں ن لیگ نے تینتس میں سے چودہ نشستیں جیت لیں۔ آزاد امیدوار سترہ اور تحریک انصاف کو صرف دو سیٹیں ملیں۔ میونسپل کمیٹی بہا ولنگر کی سینتالیس نشستوں میں سے ستائیس پر نون لیگ کامیاب ہوئی۔ پانچ سیٹوں پرپی ٹی آئی اور پندرہ پر آزاد امیدوار کامیاب ہوئے۔ وہاڑی میں نون لیگ کے حمایت یافتہ تین گروپوں نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا۔ میاں ثاقب گروپ نے میونسپل کمیٹی کی چوبیس نشستوں میں سے دس پر کامیابی حاصل کی۔ طاہراقبال گروپ کو سات اور تہمینہ دولتانہ گروپ کو تین نشستیں ملیں۔ یہاں سے چار آزاد امیدوار بھی منتخب ہوئے۔ میلسی میونسپل کمیٹی میں نون لیگ کو چھ نشستیں ملیں۔ پی ٹی آئی، پی پی پی اور آزاد امیدوار دو دو نشستیں حاصل کرسکے۔ ضلع کونسل لودھراں میں مسلم لیگ (ن) نے 70 میں سے 31 نشستیں جیت لیں۔ آزاد امیداور اکتیس اور تحریک انصاف آٹھ نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ بھکر کی چھے میونسپل کمیٹیوں کے نتائج مکمل ہوگئے۔ میونسپل کمیٹی بھکر میں مسلم لیگ نے (ن) گیارہ سیٹیں جیت لیں۔ آزاد امیدواروں کو سات نشستیں ملیں۔ میونسپل کمیٹی دریاخان میں ن لیگ اور آزاد امیدوار وں نے چھ، چھ نشستیں جیتیں۔ میونسپل کمیٹی دلےوالا میں مسلم لیگ (ن) کو تین اور آزاد امیدواروں کو دو جبکہ میونسپل کمیٹی جنڈاں والا میں بھی ن لیگ کو تین اور آزاد امیدوار وں کو دو نشستیں ملیں۔ میونسپل کمیٹی کلور کوٹ میں آزاد امیدواروں نے نو اور مسلم لیگ (ن) نے دو سیٹیں جیتیں۔ میونسپل کمیٹی منکیرہ میں آزاد امیدواروں نے سات اور مسلم لیگ (ن) نے ایک نشست حاصل کی۔