Saturday, July 27, 2024

پنجاب کی دو ہزار چھیانوے میں سے پندرہ سو پچاس نشستوں کے نتائج نائنٹی ٹو نیوز کو موصول، مسلم لیگ ن پنجاب میں پہلے نمبر پر

پنجاب کی دو ہزار چھیانوے میں سے پندرہ سو پچاس نشستوں کے نتائج نائنٹی ٹو نیوز کو موصول، مسلم لیگ ن پنجاب میں پہلے نمبر پر
November 1, 2015
لاہور (نائنٹی ٹو نیوز) نائنٹی ٹو نیوز نے پنجاب کی دو ہزار چھیانوے میں سے پندرہ سو پچاس نشستوں کے نتائج حاصل کر لئے ہیں۔ مسلم لیگ ن سات سو تیس نشستوں کے ساتھ پہلے نمبر پر ہے۔ پانچ سو ستانوے آزاد امیدواروں نے پنجاب میں میدان مار لیا ہے۔ تحریک انصاف نے ایک سو چون نشستیں حاصل کی ہیں۔ پیپلزپارٹی کو پنجاب سے چھبیس اور دیگر جماعتوں کو تینتالیس نشستیں ملیں۔ ضلع فیصل آباد کی میونسپل کمیٹی چک جھمرہ کی بارہ نشستوں میں سے دس پر مسلم لیگ نون کامیاب ہوئی۔ جڑانوالہ میں آزاد امیدوار چھا گئے۔ میونسپل کمیٹی کی بیس نشستوں پر آزاد، نو پر ن لیگ اور ایک نشست پر تحریک انصاف کا امیدوار کامیاب ہوا۔ میونسپل کارپوریشن گجرات میں قاف لیگ کو شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ بارہ میں سے سات یونین کونسلوں پر مسلم لیگ نون، تین پر قاف لیگ اور دو پر تحریک انصاف کے امیدوار کامیاب ہوئے۔ میونسپل کمیٹی لالہ موسیٰ کی چوبیس نشستوں میں سے چودہ پر پیپلزپارٹی کامیاب ہوئی۔ پاکستان تحریک انصاف کو پانچ اور نون لیگ تین سیٹیں حاصل کر سکی۔ کھاریاں میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا۔ میونسپل کمیٹی کی گیارہ میں سے آٹھ پر پی ٹی آئی، تین پر مسلم لیگ نون کامیاب ہوئی۔ میونسپل کمیٹی ڈنگہ کی بارہ سیٹوں میں سے گیارہ پر نون لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار منتخب ہوئے، ایک نشست پیپلزپارٹی کو ملی۔ میونسپل کمیٹی سرائے عالمگیر کی بارہ میں سے نو سیٹیں نون لیگ نے جیتیں۔ تحریک انصاف، جماعت اسلامی اور آزاد امیدوار ایک ایک نشست جیت سکے۔ جلالپور جٹاں کی تئیس رکنی میونسپل کمیٹی میں سے بارہ پر نون لیگ کامیاب ہوئی، قاف لیگ کو آٹھ اور آزاد امیدواروں کو تین سیٹیں ملیں۔ کنجاہ کی گیارہ رکنی میونسپل کمیٹی میں سے دس پر انتخاب ہوا جس میں سے سات نشستیں آزاد امیداور لے اڑے، تین پر نون لیگ کامیاب ہوئی۔ ضلع چکوال کی میونسپل کمیٹی تلہ گنگ میں بارہ میں سے سات نشستوں پر قاف لیگ کامیاب ہوئی۔ تین نون لیگ اور دو سیٹیں آزاد امیدواروں کے حصے میں آئیں۔ میونسپل کمیٹی کلرکہار میں مسلم لیگ ن نے تین، تحریک انصاف اور آزاد امیدوار نے ایک ایک سیٹ جیتی۔ میونسپل کمیٹی بھون میں تحریک انصاف تین نشستیں جیت کر کامیاب رہی۔ مسلم لیگ ن اور آزاد امیدوار کو ایک ایک سیٹ ملی۔ ضلع کونسل پاکپتن میں مسلم لیگ ن نے بائیس سیٹیں جیت کر میدان مار لیا۔ انیس آزاد امیدوار، تحریک انصاف کے بارہ اور پیپلزپارٹی کا ایک امیدوار کامیاب ہوا۔ میونسپل کمیٹی پاکپتن میں نون لیگ کو سب سے زیادہ ستائیس نشستیں ملیں۔ آزاد امیدوار پندرہ اور تحریک انصاف سات نشستیں جیت سکی۔ ایک نشست پیٹ کے حصہ میں آئی۔ میونسپل کمیٹی عارف والا میں ن لیگ نے تینتس میں سے چودہ نشستیں جیت لیں۔ آزاد امیدوار سترہ اور تحریک انصاف کو صرف دو سیٹیں ملیں۔ میونسپل کمیٹی بہاولنگر کی سینتالیس نشستوں میں سے ستائیس پر نون لیگ کامیاب ہوئی۔ پانچ سیٹس پر پی ٹی آئی اور پندرہ پر آزاد امیدوار کامیاب ہو سکے۔ وہاڑی میں نون لیگ کے حمایت یافتہ تین گروپوں نے بلدیاتی انتخابات میں حصہ لیا۔ میاں ثاقب گروپ نے میونسپل کمیٹی کی چوبیس نشستوں میں سے دس پر کامیابی حاصل کی۔ طاہر اقبال گروپ کو سات اور تہمینہ دولتانہ گروپ کو تین نشستیں ملیں۔ یہاں سے چار آزاد امیدوار بھی منتخب ہوئے۔ میلسی میونسپل کمیٹی میں نون لیگ کو چھے نشستیں ملیں۔ پی ٹی آئی، پی پی پی اور آزاد امیدوار دو دو نشستیں حاصل کر سکے۔ ضلع کونسل لودھراں میں مسلم لیگ ن نے ستر میں سے اکتیس نشستیں جیت لیں۔ آزاد امیداور اکتیس اور تحریک انصاف آٹھ نشستوں پر کامیاب ہوئی۔ بھکر کی چھے میونسپل کمیٹیوں کے نتائج مکمل ہو گئے۔ میونسپل کمیٹی بھکر میں مسلم لیگ ن نے گیارہ سیٹیں جیت لیں، آزاد امیدواروں کو سات نشستیں ملیں۔ میونسپل کمیٹی دریاخان میں ن لیگ اور آزاد امیدواروں نے چھے چھے نشستیں جیتیں۔ میونسپل کمیٹی دلے والا میں مسلم لیگ ن کو تین اور آزاد امیدواروں کو دو جبکہ میونسپل کمیٹی جنڈاں والا میں بھی ن لیگ کو تین اور آزاد امیدواروں کو دو نشستیں ملیں۔ میونسپل کمیٹی کلورکوٹ میں آزاد امیدواروں نے نو اور مسلم لیگ ن نے دو سیٹیں جیتیں۔ میونسپل کمیٹی منکیرہ میں آزاد امیدواروں نے سات اور مسلم لیگ ن نے ایک نشست حاصل کی۔