Tuesday, April 30, 2024

پنجاب کی بیوروکریسی کا ایم پی ایز کے ناجائز کام نہ کرنے کا فیصلہ

پنجاب کی بیوروکریسی کا ایم پی ایز کے ناجائز کام نہ کرنے کا فیصلہ
May 24, 2016
لاہور (92نیوز) پنجاب میں کرپشن کی روک تھام کے لئے بیوروکریسی نے عوامی نمائندوں کا دباو¿ برداشت نہ کرنے کا فیصلہ کر لیا۔ ایم پی ایز کو فون کر کے کام کرانے سے روکنے کےلئے خط لکھ دیاگیا جس پر ارکان اسمبلی پھٹ پڑے اورکہا کہ بیوروکریسی تو کسی کا جائز کام کرنے کے لیے تیار نہیں ناجائز بات کہاں سے مانے گی۔ تفصیلات کے مطابق بیورو کریسی نے پنجاب اسمبلی کے ارکان کو ان پر غلط کام کروانے کے لیے دباو ڈالنے کی صورت میں معاملہ نیب کو بھیجنے کی دھمکی دے دی جس پر حکومتی ارکان بیوروکریسی پر پھٹ پڑے اور کہا کس کی مجال کہ کوئی ناجائز کام کسی افسر کو کہے۔ یہاں تو جائز کام بھی نہیں ہوتے۔ اپوزیشن ارکان اس خط پر کہاں پیچھے رہنے والے تھے۔ انہوں نے بھی افسر شاہی کو آڑے ہاتھوں لیا۔ بعض ارکان نے کہا کہ افسر شاہی کا نظام انگریز کا بنایا ہوا ہے، اسے ختم ہونا چاہیے جبکہ کچھ ارکان نے تو اس رویے کا ذمہ دار بھی وزیراعلیٰ پنجاب کو قرار دے دیا۔ بیورو کریسی کی جانب سے لکھے جانے والے خط پر ارکان اسمبلی شدید ناراض اور مضطرب ہیں۔