Thursday, September 29, 2022

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اظہار اعتماد کی قرارداد منظور

پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اظہار اعتماد کی قرارداد منظور
 لاہور (92 نیوز) پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر اظہار اعتماد کی قرارداد منظور ہو گئی۔ قرارداد وزیر قانون راجہ بشارت نے پیش کی۔ پنجاب کابینہ کے 33 ویں اجلاس میں وزیراعلیٰ سردار عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد کی قرارداد اتفاق رائے سے منظور کر لی گئی۔ صوبائی وزیر قانون راجہ بشارت نے قرارداد پیش کی ۔ پنجاب کابینہ نے متفقہ طور پر قرارداد منظور کی ۔ پنجاب کابینہ کے جاری فیصلے میں کہا گیا کہ یہ اجلاس وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کی قیادت پر بھرپور اظہار اعتماد کرتا ہے۔ پنجاب کی حقیقی ترقی کا سفر وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی ولولہ انگیز قیادت میں جاری رہے گا۔ ترقی کے سفر میں کسی قسم کی رکاوٹ آنے دی جائے گی نہ ہی کسی کو حائل ہونے کی اجازت دی جائے گی۔ پنجاب کو وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے یکساں ترقی کے وژن کے تحت خوشحالی کے سفر پر گامزن کیا ہے۔ پسماندہ اور محروم علاقوں خاص طور پر جنوبی پنجاب کیلئے وزیراعلیٰ عثمان بزدار کی خدمات ہر لحاظ سے قابل تحسین ہیں۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف بے بنیاد اور شرانگیز پراپیگنڈا کرنے والے عناصر کی پرزور مذمت کی گئی۔ اجلاس میں وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف بے بنیاد پراپیگنڈے پر تشویش کا اظہار کیا گیا۔ فیصلے میں کہا گیا حقائق کو مسخ کرنے والوں کے خلاف متعلقہ فورم پر قواعد و ضوابط کے تحت کارروائی کی جائے۔ وزیراعلیٰ عثمان بزدار کے خلاف چند عناصر مخصوص ایجنڈے کے تحت بے بنیاد مہم چلا رہے ہیں۔ سینئر وزیر عبدالعلیم خان، صوبائی وزراء میاں محمودالرشید، فیاض الحسن چوہان، اختر ملک، عمار یاسر سمیت پوری کابینہ نے وزیراعلیٰ عثمان بزدار پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ راجہ بشارت کا کہنا تھا وزیراعلیٰ عثمان بزدار سمیت کابینہ کے کسی ممبر پر کرپشن کا کوئی الزام نہیں۔ 2 برس کے دوران ایک بھی اسکینڈل سامنے نہ آنا پنجاب حکومت کا کریڈٹ ہے۔ اسکینڈل کے سامنے نہ آنے کی سب سے بڑی وجہ وزیراعظم عمران خان اور وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کی صاف ستھری قیادت ہے۔ وزیراعلیٰ پنجاب کو مخصوص ایجنڈے کے تحت ٹارگٹ کرنا افسوسناک ہے۔ سوشل میڈیا پر حقائق کے منافی، شرانگیز اور بے بنیاد الزام تراشی کا کوئی جواز نہیں۔ عبدالعلیم خان نے کہا آپ کی قیادت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہیں۔ ہم سب آپ کے ساتھ ہیں۔ میاں محمودالرشید بولے ہم آپ پر بھرپور اعتماد کرتے ہیں اور آپ کے ساتھ کھڑے ہیں۔ آپ کے خلاف منظم مہم کی مذمت کرتے ہیں۔ فیاض الحسن چوہان کا کہنا تھا عثمان بزدار ہم سب کے وزیراعلیٰ ہیں اور رہیں گے۔ پوری قوت کے ساتھ عثمان بزدار کا ساتھ جاری رکھیں گے۔ پراپیگنڈا کرنے والوں کے مذموم عزائم پورے نہیں ہوں گے۔ اختر ملک بولے پوری کابینہ آپ پر اعتماد کرتی ہے۔ عثمان بزدار کا کہنا تھا گھبرانے کی ضرورت نہیں۔ بے بنیاد الزامات پہلے بھی لگائے گئے، ہمارا دامن صاف ہے۔ وزیراعظم عمران خان کے ایجنڈے کو آگے لے کر چلیں گے۔