لاہور (92نیوز) لاہور میں پنجاب کابینہ کے گیارہ نئے وزرا نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ گورنر پنجاب ملک رفیق رجوانہ نے نامزد وزرا سے حلف لیا۔ وزیراعلی پنجاب شہبازشریف سمیت وفاقی اور صوبائی وزیر بھی تقریب میں شریک ہوئے۔
تفصیلات کے مطابق گورنر ہائوس لاہور میں ہونےوالی سادہ اور پروقار تقریب میں نئے وزرا، ان کے اہل خانہ، سول وفوجی افسر، وفاقی اور صوبائی کابینہ کے ارکان نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ دربارہال میں ہونے والی تقریب میں وزرا نے اپنے عہدوں کا حلف اٹھایا۔
حلف اٹھانے والے وزرا میں جہانگیر خانزادہ، نغمہ مشتاق، امانت اللہ خان شادی خیل، زعیم حسین قادری اور خواجہ سلمان رفیق شامل ہیں۔ شیخ علاءالدین، منشا ء اللہ بٹ، مہر اعجاز احمد اور محمد نعیم اختر خان نے بھی بطور صوبائی وزیر حلف اٹھایا۔
حلف برداری کی تقریب کے موقع پر وزیراعلی پنجاب اور گورنر کے درمیان ون آن ون ملاقات بھی ہوئی جس میں انہوں نے گورنر پنجاب رفیق رجوانہ کو کابینہ کے ارکان کےحوالے سےاعتماد میں لیا۔ تقریب کے بعد گورنرپنجاب نے نئے وزرا اور حلف برداری کی تقریب میں آئے ہوئے مہمانوں کو استقبالیہ دیا۔