وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے گرین ٹریکٹر پروگرام کی ڈیجیٹل بیلٹنگ کر دی۔
مریم نواز شریف نے سکیم کے تحت گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے تمام کاشتکاروں کو مبارکباد دی، انہوں نے کہا سکیم کے تحت 9500 کاشتکاروں کو ہر ٹریکٹر پر 10 لاکھ روپے سبسڈی ملے گی، اوکاڑہ میں 339، چکوال میں 111 اور ڈی جی خان میں بھی 276 کاشتکاروں کو گرین ٹریکٹر دئیے جائیں گے۔
اوکاڑہ کے محمد یاسین ولد محمد اشرف گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے پہلے کاشتکار بن گئے، چکوال کے طالب حسین ولد محمد حسین گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے دوسرے کاشتکار جب کہ ڈیرہ غازی خان کے غلام اکبر ولد حاجی غلام حسین گرین ٹریکٹر حاصل کرنے والے تیسرے کاشتکار بنے۔
وزیراعلیٰ پنجاب نے سکیم کے تحت دیئے جانے والے 4 اقسام کے گرین ٹریکٹرز کا معائنہ کیا، انہوں نے ٹریکٹر پر سوار ہو کر اس کی خصوصیات کا جائزہ لیا اور ٹریکٹر ڈرائیونگ کو خوشگوار تجربہ قرار دیا، صوبائی وزیر زراعت عاشق حسین کرمانی نے گرین ٹریکٹر سکیم سے متعلق بریفنگ دی۔
اس موقع پر وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف نے اعلان کرتے ہوئے کہا 25 سے 50 ایکڑ اراضی پر گندم کے کاشتکاروں کو ایک ہزار گرین ٹریکٹر بالکل مفت بذریعہ قرعہ اندازی دیں گے، پنجاب میں زراعت کو جدید دور میں داخل کرنا چاہتے ہیں۔