Friday, September 20, 2024

پنجاب میں نیب کی کارروائیوں پر آل شریف کی بے چینی بلاجواز نہیں : پی ٹی آئی

پنجاب میں نیب کی کارروائیوں پر آل شریف کی بے چینی بلاجواز نہیں : پی ٹی آئی
March 5, 2016
اسلام آباد (92نیوز) نعیم الحق کا کہنا ہے کہ پنجاب میں نیب کی کارروائیوں پر شہباز شریف کی بے چینی بلا جواز نہیں۔ نیب کو للکارنے کی ابتدا وزیراعظم نے کی جو اب تک جاری ہے۔ احتساب سے فرار کی حکومتی کوششوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ تفصیلات کے مطابق ترجمان پاکستان تحریک انصاف نعیم الحق کا کہنا ہے کہ خود کو ماورائے آئین و قانون سمجھنے کی بجائے شریف برادران شہریوں کے ٹیکس کی دولت کا حساب دیں۔ آل شریف نے جس غیر شفاف انداز میں صوبائی اور قومی خزانے کو انتہائی متنازعہ منصوبوں میں جھونکا ہے اس کی مثال نہیں ملتی۔ گزشتہ 6 برس کے دوران شہباز شریف کی جانب سے شروع کئے گئے ہر میگا پراجیکٹ کی جامع تحقیقات ناگزیر ہیں۔ نعیم الحق کا مزید کہنا تھا کہ شہباز شریف نے بیشتر صوبائی محکموں میں آڈٹ حکام کا داخلہ غیر رسمی انداز میں بند کر رکھا ہے۔ خوف اور ترغیب کے ذریعے نیب اور دیگر ریاستی اداروں کو فرائض کی بجاآوری سے باز رکھنا پرانا مسلم لیگی ہتھکنڈہ ہے۔ آل شریف کی تشہیر کیلئے اشتہاروں پر خرچ کئے جانے والے اربوں روپوں کا بھی حساب کیا جانا چاہیے۔ شریف برادران کو ذاتی تشہیر کا اتنا ہی شوق ہے تو قومی سرمائے کی بجائے بیرون ملک جمع کی گئی ذاتی دولت خرچ کریں۔