Monday, January 17, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کیلئے ووٹنگ

پنجاب میں بلدیاتی انتخابات کے آخری مرحلے کیلئے ووٹنگ
December 22, 2016

ملتان/ فیصل آباد (92نیوز) پنجاب میں بلدیاتی دنگل کا فائنل راؤنڈ۔ بڑے صوبے کی سب سے بڑی بلدیاتی جنگ جاری۔ سیاسی اکھاڑےمیں نامی گرامی پہلوان آمنے سامنے آ گئے۔ فیصل آباد میں شیرعلی اور ثناگروپ میں زورآزمائی۔ پولنگ دوپہر دو بجے تک جاری رہے گی۔ اسلحے کی بھی نمائش۔

تفصیلات کے مطابق ڈسڑکٹ کونسل شیخوپورہ کے چیئرمین کے انتخاب میں مسلم لیگ (ن) کے رانا تنویر اور جاوید لطیف گروپ آمنے سامنے آ گئے۔ رانا عتیق انور اور سردار شہزاد احمد ڈوگر میں کانٹے کا مقابلہ متوقع، سکیورٹی کے سخت انتظامات میں پولنگ کاعمل جاری ہے۔ رانا عتیق انور وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر جبکہ سردار شہزاد ڈوگر ایم این اے عرفان ڈوگر اور میاں جاوید لطیف کے حمایت یافتہ ہیں۔ مسلم لیگ (ن) نےشیخوپورہ ضلع کونسل کے انتخاب کو اوپن رکھا ہے۔

ایک سو چوبیس ووٹرز اپنا ووٹ کاسٹ کریں گے۔ سردار شہزاد ڈوگر کا کہنا ہے کہ اگر موقع ملا تو وہ ترقیاتی منصوبوں پر توجہ دیں گے۔ رانا عتیق انور کا کہنا ہے وہ جیت کر ماضی کی روایت کو برقرار رکھتے ہوئے عوام کی خدمت کریں گے۔ نوبجے صبح شروع ہونے والا پولنگ کا عمل دوپہر دوبجے تک جاری رہے گا۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ روز ڈی سی او آفس میں الیکشن کے حوالے سے میٹنگ میں ایم پی اے علی اصغر منڈا اور پیر اشرف رسول کے درمیان تلخ کلامی ہوئی تھی جس پر پولنگ اسٹیشن کے قریب سکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ادھر ملتان میں بلدیاتی الیکشن کے آخری مرحلہ میں مئیر، ڈپٹی مئیر اور ضلع کونسل چئیرمین کے انتخابات کا سلسلہ جاری ہے۔ پولنگ صبح نو بجے سے لے کر دوپہر 2 بجے تک جاری رہے گی۔ مئیر اور ڈپٹی مئیر کے لیے پولنگ سٹیشن رضا ہال میں جبکہ ضلع کونسل چئیرمین کے لیے پولنگ سٹیشن بوسن ٹاؤن میں بنایا گیا۔ ن لیگ کی جانب سے نامزد مئیر نویدالحق آرائیں نے رضا ہال میں اپنا ووٹ کاسٹ کیا۔

دوسری جانب ضلع کونسل چئیرمین کے لیے پی ٹی آئی، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کے نامزد امیدواروں نے اپنا ووٹ بوسن ٹاؤں ہال میں کاسٹ کیا۔ مئیر اور ڈپٹی مئیر کے الیکشن میں 91ووٹرز جبکہ ضلع کونسل چئیرمین کے لیے 142ووٹرز اپنا رائے حق دہی استعمال کر رہے ہیں۔ پولنگ کا عمل شروع ہوتے ہی ن لیگ کی جانب سے کہیں پر ناشتے کا اہتمام کیا گیا تو کہیں الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی نظر آئی تو کہیں پر پاکستان پیپلزپارٹی کی جانب سے اسلحہ کی نمائش نظر آئی۔

ن لیگی ایم این اے شاہین شفیق اور ایم پی اے حاجی احسان الدین قریشی الیکشن کمیشن کی پابندی کے باوجود پولنگ سٹیشن پر دورہ کرنے پہنچ گئے جبکہ نامزد مئیر نویدالحق ارائیں کے بھائی سابق وزیر جیل خانہ جات وحید ارائیں نے پولنگ سٹیشن کے قریب پولنگ کیمپ لگادیا۔ ادھر اٹک میں بھی چیئرمین کے چناﺅ کا عمل جاری ہے۔ 6تحصیلوں پر مشتمل ضلع اٹک کے چیئرمین کا انتخاب آج ہورہا ہے۔ وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے بھانجے سردار احسن اورمسلم لیگ ق کے سربراہ چوہدری شجاعت حسین کی بھانجی ایمان طاہر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ ہے۔

دونوں امیدوار اپنی اپنی جیت کے دعوے کر رہے ہیں۔ 71یونین کونسلوں کے 95 منتخب نمائندے اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار کا مقابلہ مسلم لیگ ق اور تحریک انصاف کی مشترکہ امیدوار سے ہے۔ مسلم لیگ ن کے امیدوار سردار احسن علی خان وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان کے بھانجے جبکہ مسلم لیگ ق اور پی ٹی آئی کی مشترکہ امیدوار ایمان طاہر چوہدری شجاعت کی بھانجی اور سابق ضلع ناظم میجر طاہر صادق کی صاحبزادی ہیں۔

سردار احسن سابق وفاقی وزیر سردار سلیم حیدرکے قریبی عزیز ہیں اور انہیں پیپلزپارٹی کی حمایت حاصل ہے۔ دونوں جانب سے جیت کے دعوے کئے جارہے ہیں۔ ضلع اٹک میں قومی اسمبلی کی 3اور صوبائی اسمبلی کی5 نشستیں ہیں۔ چیئرمین ضلع کونسل انتخابات کے لیے پولنگ ضلع کونسل ہال اٹک میں ہورہی ہے۔ دیگر اضلاع کی طرح اوکاڑہ ضلع کونسل کی چیئرمین شپ کیلئے ووٹنگ کے وقت میں صرف دو گھنٹے باقی بچے ہیں جہاں پاکستان پیپلزپارٹی کےنواب خان کلس اور مسلم لیگ ن کے ملک علی قادرامیدوار ہیں۔

میونسپل کارپوریشن سٹی گوجرانوالہ کے مئیر اور ڈپٹی مئیر کے انتخابات میں امیدوار اور ووٹر دونوں ضابطہ اخلاق کی دھجیاں اڑاتے رہے۔ آزاد پینل کی امیدوار ڈپٹی مئیر میڈم زبیدہ احسان چودھری جب ووٹ ڈالنے آئیں تو ان کے پینل کے امیدوار برائے مئیر یحیٰ بٹ بھی پولنگ اسٹیشن پرموجود تھے۔ خاتون امیدوار نے پولنگ عملے کے سامنے اونچی آواز میں مئیر کے امیدوار کو مخاطب کیا اور انہیں دکھا کر ووٹ کاسٹ کیا۔