پنجاب فوڈ اتھارٹی کا بٹ سویٹس کے کارخانے پر چھاپہ‘ ناقص صفائی پر تین شعبے سیل

لاہور (92نیوز) دنیا بھر میں آج جہاں عالمی یوم صارف منایا جا رہا ہے وہیں پاکستان میں بڑے بڑے ناموں والی بیکریاں مضرصحت اشیاءفروخت کرنے میں مصروف ہیں۔ لاہور میں پنجاب فوڈ اتھارٹی کے عملہ نے معروف بٹ سویٹس کے کارخانہ پر چھاپہ مارا تو وہاں صفائی کی حالت بہت ابتر تھی۔
تفصیلات کے مطابق ڈائریکٹر آپریشنز پنجاب فوڈ اتھارٹی عائشہ ممتاز نے عملے کے ہمراہ نسبت روڈ پر مشہور اور قدیم بٹ سویٹس کی فیکٹری پر چھاپہ مارا تو کہیں چوہے تو کہیں بلیاں کھانے پینے کی اشیاءسے لطف ا ندوز ہو رہے تھے۔ صفائی کی صورتحال بھی ابتر تھی۔ فریزر کو کھولا گیا تو ایسی بدبو آئی کہ وہاں کھڑا ہونا محال ہو گیا۔
فیکٹر ی میں کام کرنے والے ملازمین کے میڈیکل بھی نہ کروائے گئے تھے۔ عملے نے آئس کریم‘ سموسہ اور بریڈ کی تیاری کرنے والے شعبوں کو سیل کر دیا۔ پنجاب فوڈ اتھارٹی کے حکام کے مطابق فیکٹری انتظامیہ کو اس سے قبل بھی متعدد بار نوٹس جاری کیے گئے لیکن انہوں نے ان سنی کر دی۔ اب حفظان صحت کے اقدامات اٹھانے کے بعد ہی فیکٹری کو ڈی سیل کیا جائے گا۔





