Saturday, July 27, 2024

پنجاب رورل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے 5 ہزار سے زائد ملازم نکالنے کافیصلہ

پنجاب رورل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے 5 ہزار سے زائد ملازم نکالنے کافیصلہ
April 6, 2016
لاہور (92نیوز) محکمہ صحت نے پنجاب بھر میں رورل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے تحت بھرتی ساڑھے پانچ ہزار سے زائد ملازمین کو فارغ کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے نئی بھرتیوں کے احکامات جاری کر دیے ہیں۔ یکم جولائی سے یہ ملازمین بے روزگار ہوکر گھروں میں بیٹھیں گے۔ تفصیلات کے مطابق پنجاب کے چودہ اضلاع کے بنیادی مراکز صحت اور دیہی ڈسپنسریوں میں کام کرنے والا ہیلتھ کا عملہ تیس جون کو اپنی ڈیوٹیز سے بری الذمہ کر دیا جائیگا۔ حکام کا کہنا ہے کہ حالیہ پی آر ایس پی کے ملازمین کو کہیں ایڈجسٹ کرنے کی پالیسی پر غور کیا جا رہا ہے۔ دوسری جانب ملازمین کا کہنا ہے کہ بارہ سال خدمات کے نتیجے میں نہ صرف وہ اگلی بھرتیوں کیلئے اوور ایج ہو چکے ہیں بلکہ انکی سروسز کو بھی شمار نہیں کیا جارہا۔ دوردراز علاقوں میں خدمات کا صلہ حکومت نے یہ دیا ہے کہ ہزاروں گھروں کے چولہے ٹھنڈے کیے جارہے ہیں۔ پنجاب رورل ہیلتھ سپورٹ پروگرام کے ملازمین کا کہنا ہے کہ حکومت جامع اور بہتر حکمت عملی اپناتے ہوئے انکی مدت ملازمت میں کم ازکم پانچ سال کی توسیع کرے تاکہ پہلے سے مہنگائی کی چکی میں پسنے والے ملازمین بے روزگار ہونے سے بچ جائیں۔