Monday, January 24, 2022
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK) آج کا اخبار English News
English News آج کا اخبار
براہراست ٹی وی براہراست نشریات(UK)

پنجاب حکومت کی 92نیوز کیخلاف انتقامی کارروائیاں،ملک بھر میں احتجاج جاری

پنجاب حکومت کی 92نیوز کیخلاف انتقامی کارروائیاں،ملک بھر میں احتجاج جاری
December 10, 2016

لاہور (92نیوز) آزادی اظہار پر پابندی لگانے اور نائنٹی ٹو نیوز کے خلاف انتقامی کارروائیوں کے خلاف مختلف شہروں میں سول سوسائٹی اور صحافی برادری کی جانب سے احتجاج کا سلسلہ جاری ہے۔ مظاہرین رانا ثنا اللہ کی جانب سے جھوٹی ایف آئی آر کے اندراج اور پنجاب حکومت کے اوچھے ہتھکنڈوں کے خلاف نعرے لگاتے رہے۔ لاہور میں صحافیوں نے مظاہرہ کیا جس میں وکلا اور سول سوسائٹی نے بھرپور شرکت کی۔ مظاہرین نے مدینہ شوگر ملز کے خلاف انتقامی کارروائیوں کی مذمت کی۔

فیصل آباد سمیت دیگر شہروں میں بھی مظاہرے کیے گئے جن میں رانا ثنا اور پنجاب حکومت کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔ گوجرانوالہ میں نائنٹی ٹو نیوز کیخلاف انتقامی کارروائیوں کے خلاف پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ مظاہرین وزیر قانون رانا ثنا اللہ کی برطرفی کا مطالبہ کرتے رہے۔ پنجاب حکومت کی انتقامی کارروائیوں کے خلاف سیالکوٹ پریس کلب کے باہر بھی احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ نائنٹی ٹو نیوز اور مدینہ شوگر ملز انتظامیہ پر انتقامی کارروائیوں کےخلاف جھنگ کے صحافی بھی سراپا احتجاج بنے رہے۔

نارووال میں پنجاب حکومت کے اقدامات کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ اوکاڑہ میں آزادی صحافت کو دبانے کیلئے جھوٹی ایف آئی آر درج کرانے کیخلاف صحافی برادری کی جانب سے پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔ اسی طرح رحیم یار خان میں 92نیوز کے خلاف ہونے والی انتقامی کاروائیوں کے خلاف احتجاج کیا گیا۔

بھکر میں نائنٹی ٹو نیوز کے خلاف ہونے والی سازش کے خلاف احتجاج کیا گیا۔ خیرپور میں صوبائی وزیر قانون رانا ثناء اللہ کی جانب سے انتقامی کارروائیوں اور جھوٹے مقدمات قائم کرنے کے خلاف ریلی نکالی گئی۔ گھوٹکی میں نکالی گئی احتجاجی ریلی میں صحافی برادری کے علاوہ مختلف شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والی اہم شخصیات نے شرکت کی۔

عمرکوٹ میں پریس کلب کے باہر نائنٹی ٹو نیوز کے خلاف کارروائی کرنے کے خلاف سول سوسائٹی اور صحافی برادری کی طرف سے احتجاجی مظاہرہ کیا گیا۔