Thursday, September 19, 2024

پنجاب حکومت کی طرف سے پولیس کی حد تک وائبر کی پابندی پر عملدرآمد شروع

پنجاب حکومت کی طرف سے پولیس کی حد تک وائبر کی پابندی پر عملدرآمد شروع
April 8, 2015
لاہور (ویب ڈیسک) حساس اداروں اور رینجرز کی جانب سے بار بار سفارش کے باوجود وائبر ایپلی کیشن کو جرائم پیشہ افراد کے لئے تو نہ روکا جاسکا تاہم پنجاب پولیس کو وائبر کے استعمال سے روک دیا گیا ہے۔ وائبر کے استعمال کو روکنے کے لیے وفاقی حکومت پہلے ہی تمام سرکاری اداروں کو متنبہ کرچکی ہے اوراس نے تمام وزارتوں کو مراسلے بھی جاری کردئیے ہیں۔ اس سلسلے میں پنجاب حکومت نے بھی اپنے اداروں میں وائبر کے استعمال پر پابندی کا آغاز کر دیا ہے اور پہلی باری پولیس کی آئی ہے۔ سندھ پولیس، رینجرز اور حساس ادارے سندھ کی حد تک اس ایپلی کیشن سمیت دیگر سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر پابندی کی سفارش کرچکے ہیں جس کی وجہ یہ بتائی گئی ہے کہ انٹرنیٹ ایپلی کیشنز دہشت گردوں کے زیراستعمال ہیں اور ان پر کوئی چیک رکھنا بھی مشکل ہے۔ وائبر انٹرنیٹ کے ذریعے رابطے کا ذریعہ ہے جس میں مفت کال کی سہولت بھی دی جاتی ہے۔ پاکستان سے پہلے سعودی عرب، متحدہ عرب امارات اور ایران کی حکومتیں بھی وائبر پر پابندی عائد کرچکی ہیں۔ یو اے ای اور سعودی عرب میں بھی اس کا استعمال بند ہے کیونکہ فون کمپنیوں کو اعتراض تھا کہ وائبر کے استعمال سے ان کے ریونیو میں کمی ہو رہی ہے۔