پنجاب حکومت کا ڈرگ ترمیمی ایکٹ مسترد، فارما انڈسٹری کی نمائندہ تنظیموں کا اسلام آباد میں مظاہرہ

اسلام آباد (نائنٹی ٹو نیوز) ادویہ سازوں نے پنجاب حکومت کے ڈرگ ترمیمی ایکٹ کو مسترد کر دیا۔ فارما صنعت کے نمائندوں نے اعلان کیا ہے کہ صوبائی حکومت نے بل واپس نہ لیا تو چھے سو ادویہ ساز فیکٹریاں بند کر دیں گے۔ فارما انڈسٹری کی نمائندہ تنظیموں نے اسلام آباد میں مظاہرہ بھی کیا۔
پنجاب حکومت کی جانب سے جعلی ادویات بنانے والوں کو دس سال قید اور جرمانہ کی سزا کے ترمیمی ایکٹ کے خلاف ادویہ ساز ادارے ڈٹ گئے ہیں۔ قانون کیخلاف فارما صنعت کے نمائندوں نے نیشنل پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہرہ کیا۔
احتجاج کے بعد پاکستان مینوفیکچرنگ ایسوسی ایشن کے نمائندوں نے پریس کانفرنس سے خطاب میں کہا کہ حکومت جعلی ادویات بنانے والے ناسوروں کے خلاف کارروائی کی قانون سازی کرے۔ تحفظات دور نہ کیے گئے تو فیکٹریاں بند کریں گے۔
مظاہرین کا کہنا تھا کہ اصلی برانڈ کو جعلی بنا کر فارما صنعت کو نقصان پہنچایا جا رہا ہے۔ جعلی، غیرمعیاری اور غیررجسٹرڈ ادویات میں فرق رکھا جائے۔