پنجاب اور سندھ پولیس نے وی وی آئی پیز سے اضافی سکیورٹی واپس لے لی

لاہور ( 92 نیوز ) پنجاب اور سندھ پولیس نے سپریم کورٹ کے حکم پر عملدرآمد کرتے ہوئے وی وی آئی پیز سے اضافی سکیورٹی واپس لے لی۔
سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں از خود نوٹس کیس کی سماعت کے دوران آئی جی پنجاب عارف نواز نے کہا ہے کہ پنجاب میں وی آئی پیز شخصیات سے اضافی سکیورٹی کے 4610 اہلکاروں کو واپس بلا لیا ہے ، چیف جسٹس نے آئی جی پنجاب کو شاباش دی ۔
چیف جسٹس نے ریمارکس دیئے کہ جن کو ضرورت ہے انہیں ضرور سکیورٹی دیں،ایسا نہ ہوکہ کل کوئی سانحہ ہوجائے۔
دوسری جانب سپریم کورٹ کے احکامات پر عملدرآمد کرتے ہوئے سندھ پولیس نے بھی سیاستدانوں،ارکان اسمبلی اور اہم شخصیات سے سکیورٹی واپس لے لی۔
صوبہ سندھ میں 5440 اہلکاروں کو وی آئی پی سکیورٹی سے واپس بلا لیا گیا۔