پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کل سے پبلک ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلے گا

لاہور (92 نیوز) پنجاب اور خیبر پختونخوا میں کل سے پبلک ٹرانسپورٹ کا پہیہ چلے گا، پنجاب میں کرایوں میں 20 فیصد کمی کردی گئی ہے، آن لائن ٹیکسی سروس کو بھی اجازت مل گئی۔
بزدار حکومت نے عام آدمی کو ریلیف دینے کے لئے بڑا اقدام اٹھاتے ہوئے انٹر سٹی ٹرانسپورٹ کھولنے کی اجازت دیدی جبکہ کرایوں میں 20 فیصد کمی کا اعلان کیا ہے۔ سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ہیں پبلک ٹرانسپورٹ کو ایس او پیز پر عملدرآمد کرنا ہوگا۔ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ عام آدمی کو ملے گا، ٹرانسپورٹ کے کرایوں میں کمی سے عام آدمی کو بہت ریلیف ملے گا-
پنجاب کابینہ نے آن لائن ٹیکسی و ٹرانسپورٹ سروس بھی کھولنے کا فیصلہ کرلیا، پبلک ٹرانسپورٹ کو وضع کردہ ایس او پیز پر عملدرآمد یقینی بنانا ہو گا ، مسافروں، ڈرائیوروں اور کنڈیکٹروں کے لئے ماسک پہننا لازم قرار دیا گیا ہے ، بسوں میں سینی ٹائزر ز رکھنے کی پابندی ہو گی اور مسافروں کے درمیان ضروری فاصلہ رکھا جائے گا-
وزیر اعلیٰ پنجاب نے کہا کہ امیر لوگ گاڑیوں پر سفر کر رہے ہیں اور غریب کی ٹرانسپورٹ بند ہے، عام آدمی کی سفری مشکلات کا احساس کرتے ہوئے انٹرسٹی و انٹر ڈسٹرکٹ ٹرانسپورٹ کھولنے کا فیصلہ کیا ہے، بڑے شاپنگ مالزکو بھی ایس او پیز کے تحت کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ادھر خیبر پختونخوا حکومت اور ٹرانسپوٹرز کے مابین مذاکرات میں ٹرانسپورٹ چلانے سے متعلق تفصیلی بات چیت کی گئی اور ٹرانسپوٹ کھولنے کا فیصلہ کیا گیا۔