Tuesday, September 17, 2024

پنجابی زبان کے شیکسپئر عظیم صوفی بزرگ وارث شاہ کے عرس کی تقریبات شروع ہو گئیں

پنجابی زبان کے شیکسپئر عظیم صوفی بزرگ وارث شاہ کے عرس کی تقریبات شروع ہو گئیں
September 28, 2015
جنڈیالہ شیر خان (92نیوز) عظیم صوفی بزرگ سید وارث شاہ کے تین روزہ عرس کی تقریبات جنڈیالہ شیرخان میں شروع ہو گئیں۔ عرس میں ہیر سنانے کا روایتی مقابلہ بھی ہو گا۔ تفصیلات کے مطابق پنجابی زبان کے شیکسپئر کا خطاب پانے والے عظیم صوفی شاعر وارث شاہ کے دو سو سترویں سالانہ عرس کی تقریبات کا باقاعدہ آغاز ہو گیا۔ دنیا بھر سے زائرین کی کثیر تعداد شیخوپورہ کے نواحی علاقے جنڈیالہ شیر خان پہنچ گئی۔ پنجابی زبان کے عظیم صوفی شاعر وارث شاہ سترہ سو بائیس میں شیخوپورہ کے نواحی علاقے جنڈیالہ شیر خان میں پیدا ہوئے۔ قصہ ہیر رانجھا سے انہیں لازوال شہرت ملی۔ یہاں تک کہ انہیں پنجابی زبان کا شیکسپئر کہا گیا۔ وارث شاہ کے دو سو سترویں عرس کی باقاعدہ تقریبات کا آغاز ان کے مزار کو عرق گلاب سے غسل دینے کے بعد ہوا۔ اس تقریب میں پارلیمانی سیکرٹری برائے اطلاعات رانا ارشد اور ڈی سی او شیخوپورہ کرن خورشید نے شرکت کی۔ زائرین دور دراز سے جنڈیالہ شیر خان پہنچ رہے ہیں‘ چادریں چڑھائی جا رہی ہیں جبکہ عرس کے موقع پر پنجابی لوک گلوکاروں کے درمیان ہیر پڑھنے کا مقابلہ بھی ہوتا ہے۔