Saturday, July 27, 2024

پشاور: ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس کیلئے ملازمین کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی

پشاور: ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس کیلئے ملازمین کی ہڑتال دوسرے روز بھی جاری رہی
April 4, 2017
پشاور(92نیوز)خیبر پختونخوا کے ہیلتھ ملازمین کی ہیلتھ پروفیشنل الائونس کےلئے ہڑتال دوسرے روز بھی جا ری رہی جس کے باعث پشاورکے مولوی جی ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال سمیت صوبے کے متعدد اسپتالوں میں دوردراز سے آئے مریض علاج تو درکنار پرچی بھی حاصل نہ کرسکے۔ ملازمین احتجاج کرتے رہے مریض علاج کےمنتظر رہے۔ تفصیلات کےمطابق خیبر پختخوا کے کلا س فور کلریکل اور آئی ٹی سٹاف کا ہیلتھ پروفیشنل الاؤنس کے مطالبے کے لئے احتجاج دوسرے روز بھی جاری رہا جس کے باعث شہر کے بڑے اور چھوٹے سرکاری اسپتالوں میں مریضوں کو علاج کی سہولت کیا ملتی انہیں تو پرچی ہی نہیں مل رہی تھی۔ پشاور کے مولوی جی ویمن اینڈ چلڈرن اسپتال میں خواتین پرچی کے حصول کےلئے گھنٹوں انتظار کرتی رہیں۔ محکمہ صحت کے ملازمین کی ہڑتال کے باعث کاونٹر ویران نظر آئے۔ پشاور کے لیڈی ریڈنگ اسپتال میں بھی ملازمین کے احتجاج کا سلسلہ جاری رہا ملازمین کا کہنا تھا کہ وعدے کے مطابق جب تک انہیں ہیلتھ پروفیشنل الائونس نہیں ملتا ہڑتال اور احتجاج جاری رہے گا۔ اسپتال میں احتجاج چاہے ڈاکٹر ز کریں یا دیگر ملازمین اس کا خمیازہ بیچارے مریضوں کو ہی بھگتنا پڑتا ہے۔