پشاور کے حلقہ این اے 4 کے ضمنی انتخاب کے لئے میدان سج گیا

پشاور (92 نیوز) سیاسی جماعتوں کی عوامی مقبولیت کا ایک اور امتحان آ گیا۔ پشاور کے حلقہ این اے 4 کے ضمنی انتخاب کے لئے میدان سج گیا۔ حلقہ میں تین بڑی سیاسی جماعتوں نے مضبوط امیدوار میدان میں اتار دیئے۔
لاہور کے بعد پشاورمیں بھی ضمنی انتخاب کے لئے میدان سج گیا ہے۔ قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 4 میں انتخابی گہما گہمی شروع ہو گئی ہے۔
پی ٹی آئی کے منحرف ایم این اے گلزارخان کے انتقال سے خالی ہونے والی نشست کو اچکنے کے لئے پیپلز پارٹی، مسلم لیگ نواز، پی ٹی آئی اور اے این پی سمیت دیگر جماعتیں اور آزاد سمیت پچیس امیدوار میدان میں ہیں۔
حلقے میں دلچسپ صورتحال اس وقت پیدا ہوگئی جب عام انتخابات میں حلقہ سے کامیاب ہونے والے گلزارخان مرحوم کے صاحبزادے اسد گلزار نے پیپلزپارٹی میں شمولیت اختیار کر لی۔
پی ٹی آئی نے اس حلقہ سے اے این پی کے سابق ایم این اے ارباب ظاہر کے بھائی عامر ایوب، مسلم لیگ نواز نے ناصر موسٰی زئی کومیدان میں اتارا ہے۔
اے این پی نے کے پی اسمبلی کے سابق ڈپٹی اسپیکر خوشدل خان کو امیدوار نامزد کیا ہے۔
کاغذات نامزدگی جمع ہوتے ہی امیدواروں نے جلسے اور رابطہ عوام مہم شروع کردی ہے۔