پشاور : پولیس اور سی ٹی ڈی کی کارروائی میں 4 دہشتگرد گرفتار

پشاور(92نیوز)خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں میں تیزی آ گئی پولیس اورمحکمہ انسداد دہشت گردی نے مختلف کارروائیوں کے دوران چار دہشت گردوں کو دھر لیا۔
تفصیلات کےمطابق خیبر پختونخوا میں دہشت گردوں کے خلاف محکمہ انسداد دہشت گردی اور پولیس کی کارروائیوں میں تیزی آئی ہے، ضلع بونیر میں پولیس نے خفیہ اطلاع پر کارروائی کرتے ہوئے خطرناک دہشت گرد عمران کو گرفتار کرلیا۔ گرفتاردہشتگرد عمران 2009 سے پولیس کو دہشت گردی، اغواء برائے تاوان، قتل اور اقدام قتل کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا، حکومت نے دہشت گرد عمران کی گرفتاری پر 10 لاکھ روپے انعام کا اعلان کر رکھا تھا۔ ایک اور کارروائی میں محکمہ انسداد دہشت گردی مالاکنڈ ریجن نے سوات کے علاقہ مٹہ سے دہشت گرد بہادر شاہ کو گرفتار کر لیا جس پر 2009 میں کشیدہ حالات کے دوران گھروں کو لوٹنے اور دہشت گردی کی دیگر وارداتوں کا الزام ہے محکمہ انسداد دہشت گردی ڈیرہ اسماعیل خان ریجن نے بھی ایک سہولت کارمحمد لقمان عرف پہلوان کو گرفتار کیا ہے جس پر خطرناک ٹارگٹ کلر مقبول حسین کی معاونت کا الزام ہے۔ پشاور میں محکمہ انسداد دہشت گردی کی کارروائی کے دوران کارخانو مارکیٹ سے اغواء کار گل نبی کو گرفتار کر لیا گیا ہے، ملزم پولیس کو اغواء برائے تاوان کی متعدد وارداتوں میں مطلوب تھا۔ گرفتار دہشت گردوں کو مزید تفتیش کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا ہے۔