پشاور میں گرمیوں کی چھٹیاں کے بعد تعلیمی ادارے کھل گئے

پشاور (92 نیوز) پشاور میں گرمیوں کی چھٹیاں ختم ہوئیں اور تعلیمی ادارے کھلے تو کوئی بوجھل قدموں کے ساتھ اور کوئی خوشی خوشی سکول پہنچا۔ پہلے روز دوستوں کو چھٹیوں کی موج مستیوں کے قصے سنائے جاتے رہے جبکہ سکول انتظامیہ نے بھی بچوں کی دل لگی کا انتظام کیا۔
گرمی ختم نہیں ہوئی لیکن گرمی کی چھٹیاں ختم ہوئیں تو پشاور کے کھلنے والے تعلیمی اداروں میں بچے بوجھل دل اور چھٹیاں ختم ہونے کی افسردگی ساتھ لئے سکول پہنچے، اڑھائی ماہ کی چھٹیاں گزارنے کے بعد سکول پہنچنے والے بچے ہم جماعتوں سے ملے تو صبح سویرے اٹھ کر بستہ اٹھائے سکول آنے کا دکھ بھول گئے۔
بچوں کا کہنا ہے کہ چھٹیوں کے دوران کی گئی موج مستی تو اب ختم ہوگئی لیکن اس کے باوجود انہیں سکول آنے میں مزا آ رہا ہے، سکول انتظامیہ نے بھی بچوں کی خوشی کا خوب سامان کر رکھا تھا۔
پہلے دن سکولوں میں حاضری کم رہی لیکن بچوں کا تعلیمی سلسلہ ایک بار پھر سے شروع کرنے اور انہیں پڑھائی کی جانب راغب کرنے کی پوری کوشش کی گئی۔