پشاور میں ٹریفک وارڈن نے شہری کی پٹائی کردی

پشاور ( 92 نیوز ) پشاورمیں سگنل پر رکنے کے معاملے پر شہری کی ٹریفک وارڈن سے تلخ کلامی پر ٹریفک اہلکار آپے سے باہر ہوگیا، شہری کی چوک میں پٹائی کردی، آئی جی خیبرپختونخوا نے واقعہ کا نوٹس لے کر دو ٹریفک اہلکاروں کو معطل کردیا۔
پشاور کے خیبر روڈ پر دو ٹریفک اہلکاروں نے ایک شہری کی پٹائی کی، عینی شاہدین کے مطابق شہری سگنل بند ہونے باوجود چوک کراس کرنے لگا جس پر ٹریفک اہلکار نے روکا ، شہری نے ٹریفک وارڈن سے تلخ کلامی کی اور ہاتھا پائی کی۔
ہاتھا پائی پر ٹریفک وارڈن کے صبرکا دامن چھوٹ گیا اور ساتھ کھڑے کانسٹیبل کی مدد سے شہری کی پٹائی کی بلکہ اسے وردی کی طاقت بھی خوب بتائی۔
واقعے کی ویڈیو وائرل ہوئی تو آئی جی خیبرپختونخوا نے نوٹس لے کر سی سی پی او کو انکوائری کا حکم دیا، سی سی پی او نے دونوں ٹریفک اہلکاروں شاہد اور ذاکراللہ کو معطل کرکے انکوائری کمیٹی قائم کردی۔