Monday, January 30, 2023

پشاور میں شہری پر تشدد کرنے کےخلاف احتجاج شدت اختیار کر گیا

پشاور میں شہری پر تشدد کرنے کےخلاف احتجاج شدت اختیار کر گیا
 پشاور (92 نیوز) پشاور میں شہری کو برہنہ کرکے تشدد کا نشانہ بنانے کے خلاف احتجاج نے شدت اختیار کر لی۔ خیبر روڈ دوسرے روز بھی میدان جنگ بنی رہی۔ پشاور پولیس کی جانب سے ردیع اللہ عرف عامر تہکالے کو برہنہ کرکے تشدد کرنے کےخلاف شہریوں کا احتجاج شدت اختیار کرگیا۔ علاقہ تہکال کے مکین پولیس رویئے کے خلاف احتجاج کے لئے پریس کلب کے باہر جمع ہوئے۔ سڑک بلاک کی اور پولیس موبائل وین کو گھیر لیا۔ مشتعل مظاہرین نعرہ بازی کرتے ہوئے خیبر روڈ پر صوبائی اسمبلی چوک پہنچے۔ مشتعل مظاہرین نے پولیس پر پتھرائوکیا اور توڑ پھوڑ کی۔ صوبائی اسمبلی کی عمارت پر بھی پتھرائو کیا۔ مظاہرین کو روکنے کےلئے پولیس نے آنسو گیس کی شیلنگ کی۔ مظاہرین اور پولیس کے درمیان تصادم کے باعث خیبر روڈ میدان جنگ بن رہا۔ پولیس اور مظاہرین کے درمیان آنکھ مچولی کا سلسلہ کچھ دیر تک جاری رہا۔ مظاہرین کے منتشر ہونے پر خیبر روڈ کو ٹریفک کےلئے کھول دیا گیا۔ دوسری جانب صوبائی حکومت نے ملزم کو برہنہ کرکے تشدد کرنے کے واقعہ کی جوڈیشل انکوائری کے لئے پشاور ہائی کورٹ کے چیف جسٹس سے جج کی نامزدگی کی درخواست کر دی۔