Monday, October 3, 2022

پشاور مسجد بم دھماکے کے دوسرے روز بھی علاقے کی فضا سو گوار

پشاور مسجد بم دھماکے کے دوسرے روز بھی علاقے کی فضا سو گوار

پشاور (92 نیوز) پشاور کی دیر کالونی سپین جماعت مسجد میں بم دھماکے کے دوسرے روز بھی علاقے کی فضاء سوگوار ہے۔ دھماکے کے چھ زخمی تاحال لیڈی ریڈنگ اسپتال میں زیرعلاج ہیں ، واقعے کی تحقیقات کے لئے جوائنٹ انوسٹی گیشن ٹیم تشکیل دے دی گئی۔ جے آئی ٹی نے دھماکے کی جگہ  کا دورہ کرکے شواہد اکٹھے کئے۔ سیکیورٹی اداروں نے پشاور کے مختلف علاقوں میں سرچ آپریشن کیا۔

پشاور کی دیرکالونی میں گزشتہ روز ہونے والے بم دھماکے کے دوسرے روز بھی علاقے کی فضاء سوگوار ہے، دھماکے میں استعمال ہونے والے بارودی مواد کا تجزیہ کرایا جارہا ہے۔مدرسہ دھماکے کے چھ زخمی تاحال لیڈی ریڈنگ اسپتال میں ہیں۔ پانچ برن یونٹ جبکہ ایک زخمی آرتھوپیڈک وارڈ میں زیرعلاج ہے۔ مدرسے میں تدریس کا عمل معطل کرکے طلبہ کو ان کے گھروں کو روانہ کردیا گیا ہے۔ مذہبی وسیاسی شخصیات کی جانب سے واقعہ کی مذمت کا سلسلہ جاری ہے۔

ابتدائی تفتیش کے مطابق درس کےلئے طلبہ مسجد آئے تو ان کی ریکی کی گئی، مسجد میں تعمیراتی کام میں شریک مزدوروں کو بھی شامل تفتیش کیا گیا ہے۔