Tuesday, December 7, 2021
English News آج کا اخبار براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی
English News آج کا اخبار
براہراست نشریات(UK) براہراست ٹی وی

پشاور طورخم شاہراہ کی تکمیل دشمن کے پسپا ہونے کا ثبوت ہے : صدرممنون حسین

پشاور طورخم شاہراہ کی تکمیل دشمن کے پسپا ہونے کا ثبوت ہے : صدرممنون حسین
August 27, 2015
خیبرایجنسی(92نیوز)صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پشاور طورخم شاہراہ کی تکمیل اس امر کا واضح اعلان ہے کہ دشمن پسپا ہورہا ہے۔ یہ شاہراہ مغربی ایشیا اور وسط ایشیائی ممالک کو ملانے کے لیے پل کا کردار ادا کرے گی جس سے خطے میں امن اور ترقی و خوشحالی کے نئے دور کا آغاز ہوگا۔ تفصیلات کےمطابق صدر مملکت ممنون حسین نے خیبر ایجنسی کے علاقے شگئی میں پشاور طورخم روڈ کے افتتاح کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس عظیم اور تاریخی شاہراہ کا افتتاح ایک نئے دور کا آغاز ہے۔ انھوں نے کہا کہ یہ شاہراہ نہ صرف قبائلی علاقوں اور پاکستان کے حالات کی بہتری میں اہم کردار ادا کرے گی بلکہ اس کے افغانستان پر بھی انتہائی مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔ صدر مملکت نے اس امر پر مسرت کا اظہار کیا کہ پشاور طورخم شاہراہ سے قبائلی عوام کو آمدورفت کے بہتر ذرائع میسر آئیں گے اور انہیں صحت و تعلیم جیسی سہولتوں کے جدید مراکز تک پہنچنے میں بھی آسانی ہوگی۔ صدر مملکت نے اس تاریخی شاہراہ کی تعمیر پر فرنٹیئر ورکس آرگنائزیشن کو سراہا اور کہا کہ ایف ڈبلیو او نے جس طرح اپنی اعلیٰ روایات کو برقرار رکھتے ہوئے مقررہ مدت میں یہ منصوبہ مکمل کیا وہ قابل ستائش ہے۔ صدر مملکت نے اس شاہراہ کی تعمیر میں مالی معاونت پر امریکی حکومت کا بھی شکریہ ادا کیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ ایف ڈبلیو او نے فاٹا کے دیگر علاقوں میں بھی 680 کلومیٹر طویل سڑکیں تعمیر کی ہیں جن سے درجنوں قبائلی علاقے ایک دوسرے سے منسلک ہو گئے ہیں اور عوام کو آمدورفت کی جدید سہولتیں میسر آگئی ہیں۔ انھوں نے گومل سے وانا تک 132 کلوواٹ کی ٹرانسمیشن لائن بچھانے اور وانا میں 132 کلو واٹ کے گرڈ اسٹیشن کی تعمیر پر بھی ایف ڈبلیواو کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا کہ بیرونی عوامل اور پیچیدہ صورتِ حال کے سبب اس خطے میں جو حالات پیدا ہوئے، ان میں مزید بگاڑ اورخرابی پیدا ہوجاتی، اگر پاک فوج کے جوان اور بہادر افسر اس بدامنی اور خوں ریزی کے سامنے بند نہ باندھتے۔ ضرب عضب سے پہلے قیام امن کے لیے مذاکرات کا راستہ اپنایا گیا، مذاکرات کی ناکامی کے بعد ہی آپریشن شروع کیا گیا۔ صدر مملکت نے کہا کہ  پاک فوج کی لازوال قربانیوں سے ضرب عضب میں کامیابیاں حاصل ہوئی ہیں۔ انھوں نے کہا کہ دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں عوام افواج پاکستان کے ساتھ ہیں۔ دہشتگردی کے خلاف آپریشن کو تکمیل تک پہنچائیں گے انھوں نے دہشتگردی کے خلاف آپریشن میں قربانیاں دینے والے پاک فوج کے جوانوں کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ دلی خواہش تھی کہ میں جنگ کے محاذ پر آ کر اپنے ان جوانوں کو سینے سے لگاﺅں اور شہیدوں اور غازیوں کوخراجِ تحسین پیش کروں۔ انھوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ جس قوم میں آپ جیسے سرفروش مجاہد موجود ہوں ، فتح و کامرانی اس کا مقدر بن جاتی ہے۔ صدر مملکت نے کہا کہ افسروں اور جوانوں نے اس جنگ کے دوران عزم و ہمت اور شجاعت کی جو داستانیں رقم کی ہیں وہ ہماری تاریخ کا سنہری باب ہے جس سے آنے والی نسلیں ہمیشہ روشنی حاصل کرتی رہیں گی۔ صدر مملکت نے کہا کہ پاک چین اقتصادی راہداری  عظیم الشان منصوبہ ہے جس سے پورے خطے کو فائدہ پہنچے گا۔ انھوں نے کہا کہ کراچی آپریشن کے مثبت نتائج سامنے آرہے ہیں اور کراچی کی روشنیاں بحال ہورہی ہیں۔   babab baba sadar