پشاور (92نیوز) ملک میں توانائی کا بحران ہو یا پھر ٹریفک کا بڑھتا ہوا رش۔ مستقبل کے انجینئرز ان مسائل سے کسی طرح لاتعلق نہیں۔ یہی وجہ ہے کہ انجینئرنگ یونیورسٹی پشاور کے مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ نے اپنی ذہانت کا ثبوت دےکر سمندرکی لہروں سے بجلی پیدا کرنے کا آئیڈیا دےدیا۔
تفصیلات کے مطابق یونیورسٹی آف انجینئرنگ پشاور میں ہونے والی پراجیکٹس کی نمائش میں جامعہ کے مکینیکل انجینئرنگ ڈیپارٹمنٹ کے طلبہ نے نئے آئیڈیاز پر مشتمل ایسے ماڈلز پیش کئے کہ دیکھنے والے حیرت زدہ ہوگئے۔ نمائش میں رکھے گئے ماڈلز میں توانائی کے بحران کا حل پیش کرنے پر زیادہ توجہ دی گئی۔
شمسی توانائی، پانی سے بجلی پیدا کرنے کے طریقوں کے ساتھ ساتھ طلبہ نے بغیر ڈیم بنائے سمندر کی لہروں سے بجلی پیدا کرنے کا بھی تصورعملی طورپر پیش کیا۔ ٹریفک کے بڑھتے ہوئے رش کے باعث حادثات میں اضافے کی روک تھام کےلئے مستقبل کے انجینئرز نے ایسی گاڑی تیار کی جو اچانک سامنے آنے والی رکاوٹ پر چڑھ دوڑنے کی بجائے خود کار طریقے سے بریک لگا لیتی ہے۔
یونیورسٹی کے وائس چانسلر کا کہنا ہے کہ طلبہ کی ان کاوشوں سے تجارتی بنیادوں پر استفادہ کیا جاسکتا ہے۔ نمائش کے شرکاءنے انجینئرنگ کے ماڈلز کو نہ صرف سراہا بلکہ ماڈلز تخلیق کرنے والے طلبہ کی ذہانت کے بھی قائل ہو گئے۔