Thursday, February 9, 2023

پشاور ، احمد زئی میں نالے کی بندش کے باعث علاقہ تالاب میں تبدیل

پشاور ، احمد زئی میں نالے کی بندش کے باعث علاقہ تالاب میں تبدیل
پشاور (92 نیوز) پشاور کے نواحی علاقہ احمد زئی میں نالے کی بندش کے باعث علاقہ تالاب کا منظر پیش کرنے لگا۔ گلیوں میں پانی جمع ہونے سے تین سو گھروں کے منہدم ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا۔ پشاور کا نواحی علاقہ احمد زئی ایک عرصہ تک دہشت گردی کے باعث بنیادی سہولیات سے محروم رہا۔  امن آیا تو پھر بھی احمد زئی کے مکینوں کی حالات نہ بدلے۔ بدامنی کے باعث نظرانداز اس گائوں کی حالت زار سے اسی علاقے سے تعلق رکھنے والے ضلع ناظم نے بھی منہ پھیر لیا۔ نالہ بند ہوا تو پانی نے گائوں کا رخ کر لیا اور گلیاں تالاب میں تبدیل ہو گئیں۔ گلیوں میں پانی کی سطح اس قدر بلند ہو گئی کہ اب تو یہ گھروں میں داخل ہونا شروع ہو گیا ہے۔ 35 ہزار کی آبادی پر مشتمل علاقہ کے تین سو گھروں کی بنیادیں کھوکھلی ہونے لگی ہیں۔ کئی تو نقل مکانی کر گئے۔ گندہ پانی گلیوں میں کھڑا رہنے سے نہ صرف اہل علاقہ کو آمد ورفت میں مشکل کا سامنا ہے بلکہ علاقہ میں مختلف بیماریاں پھوٹ رہی ہیں۔